یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جائیگا‘ وزیراعظم پاکستان مظفرآباد کا دورہ کریں گے

اسلام آباد، مظفر آباد(محاسب نیوز) پاکستان، آزاد جموں وکشمیر اور دنیا بھر میں جمعرات کو یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا جائے گا جسکا مقصد بھارتی ظلم ستم کا شکار کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرنا بھی ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پاکستان بھر، آزاد جموں وکشمیر اور دنیا بھر کے دارلحکومتوں میں جلسے، جلوسوں، ریلیوں او ر دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو ملانے والے مقامات منگلا، کوہالہ، برار کوٹ، آزاد پتن وغیرہ میں پاکستانی اور کشمیری عوام ایک دوسرے سے اظہار یکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔یو م یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں بیرون ممالک مقیم کشمیر ی، پاکستانی اور انسانی حقوق اور وقار و عزمت پر یقین رکھنے والے لوگ بھی اہم دارلحکومتوں میں جلوس اور ریلیاں نکال کر مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے تعین بھر پور یکجہتی کا اظہار کریں گے اور بھارت کو باور کرائیں گے کہ اسے ایک دن کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق، حق خود اردیت دیناہی پڑے گا۔کوہالہ اور پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے دیگر اہم مقامات پر انسانی زنجیریں بنائی جائیں گی۔اس دن کی مناسبت سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں مباحثہ و تقریری مقابلوں کے ساتھ ساتھ مضمون نویسی کے مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ٹی وی چینلز مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔ اخبارات یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت اور مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی سپلیمنٹس شائع کریں گے۔ ملک بھر میں ہوائی اڈوں، ریلوے سٹیشنوں اور قومی شاہراہوں سمیت معصوم کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کرنے والے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں بھارت نے آج سے تقریبا78 برس پہلے جموں وکشمیر پرتقسیم برصغیر کے فارمولے کے منافی غیر قانونی طور پراپنا تسلط قائم کیا، وہ کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہاہے۔ اس نے بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں اب تک لاکھوں کشمیری شہید اور ہزاروں لاپتہ کر دیے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکاہے۔قائم مقام صدر آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 05فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دنیا بھر میں مقیم پاکستانی و کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں اور بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کررہے ہیں۔بھارت جس طرح مودی کی ہندوتوا پالیسی پر گامزن ہے اُس سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ جلد بھارت کا شیرازہ بکھر جائے گا اور مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہو گا۔ بھارت ایک عالمی دہشت گرد ہے جو مقبوضہ جموں وکشمیر کی نہتی عوام پر گزشتہ سات دہائیوں سے ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔آج کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی پہچان ہے جسے کئی دہائیوں سے بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے۔




