یونیورسٹی کا سکیورٹی اور مالی بحران فوری حل کیا جاے،ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن

مظفرآباد (محاسب نیوز)آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں ایڈمنسٹریٹو اسٹاف ایسوسی ایشن اور AGEGA کا مشترکہ اجلاس — یونیورسٹی کی سکیورٹی اور مالی بحران کے فوری حل کا مطالبہ۔آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے چہلہ کیمپس کے ایڈمن بلاک میں ایڈمنسٹریٹو اسٹاف ایسوسی ایشن کی مجلسِ عاملہ کا اہم اجلاس مورخہ 7 نومبر 2025 کو منعقد ہوا، جس میں ایسوسی ایشن کے اراکین، نمائندگان اور آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس آزاد کشمیر (AGEGA) کے رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ بعد ازاں ایڈمنسٹریٹو اسٹاف ایسوسی ایشن اور AGEGA کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کی مجموعی صورتحال، نظم و ضبط اور مالی مشکلات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ طلباء یونیورسٹی اور ریاست کا حقیقی اثاثہ اور مستقبل ہیں، لہٰذا ان کے لیے پرامن، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے۔مجلسِ عاملہ نے متفقہ طور پر متعدد اہم مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مورخہ 4 نومبر کو چہلہ کیمپس میں اسسٹنٹ رجسٹرار راجہ سراج المنیر خان پر ہونے والے تشدد اور قاتلانہ حملے کے واقعہ پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جو انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے، بصورت دیگر ایڈمنسٹریٹو اسٹاف انتظامی امور کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہو گا۔مزید کہا گیا کہ گزشتہ ایام میں یونیورسٹی میں ہونے والے تمام بدامنی اور تشدد کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف بھی فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ تعلیمی ماحول متاثر نہ ہو۔اجلاس میں یونیورسٹی کی سکیورٹی بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ چہلہ کیمپس میں مستقل پولیس چوکی قائم کی جائے جبکہ چھتر کلاس کیمپس میں موجود پولیس کو فعال بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں بروقت کارروائی ممکن ہو۔ اسی طرح یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے اور گیٹ پر انفارمیشن سنٹر / استقبالیہ قائم کیا جائے تاکہ وزیٹرز کے داخلے کو منظم کیا جا سکے۔اجلاس میں یونیورسٹی کے شدید مالی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ مالی بحران کے باعث طلباء کو بنیادی سہولیات سے محرومی کا سامنا ہے اور یہی صورتحال تعلیمی ماحول میں کشیدگی کا باعث بن رہی ہے۔ ایڈمنسٹریٹو اسٹاف ایسوسی ایشن نے متعدد بار حکومت آزاد کشمیر کو اس بحران کے حل کے لیے تحریری طور پر آگاہ کیا ہے، جبکہ وائس چانسلر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی بھی حکومت کو فنڈز کی فراہمی کے لیے مراسلات ارسال کر چکے ہیں، مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر یونیورسٹی کے مالی بحران کا مستقل حل نکالے، کیونکہ یہی مسئلہ طلباء کے مسائل اور احتجاج کی بنیادی وجہ ہے۔آخر میں اجلاس کے اختتام پر ترجمان اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن اور ترجمان ایڈمنسٹریٹو اسٹاف ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کے امن، وقار اور نظم و ضبط کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، تاہم ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی صورت میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔



