مظفرآبادمیرپور

ایپکا کا تنخواہوں اور مراعات میں تفاوت کیخلاف دستخطی مہم کا اعلان

مظفرآباد (محاسب نیوز)ایپکا آزاد جموں و کشمیر نے ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت کے خاتمے اور حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے اہم معاملے پر مسلسل سرد مہری کے خلاف احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں ریاستی دارلحکومت مظفرآباد میں دستخطی مہم کا اعلان کیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں آزاد کشمیر کے دوسرے اضلاع کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں دستخطی مہم شروع کی جائے گی۔ ایپکا آزاد جموں و کشمیر تنخواہوں اور مراعات میں تفاوت کے خاتمے کے لیے مزید خاموش نہیں رہے گی۔ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہیکہ سیکرٹریٹ ملازمین کی طرز پر نظامت ہاء اور دیگر اداروں کے ملازمین کو بھی سپیشل الاؤنس اور یوٹیلیٹی الاؤنس دیا جائے۔ ڈی آر اے سو فیصد کیا جائے اور اسے جاریہ بنیادی تنخواہ پر دیا جائے۔ حکومت آزاد کشمیر کو چارٹر آف ڈیمانڈ ارسال کر دیا گیا ہے لیکن حکومتی سطح پر اس اہم ایشو پر توجہ نہیں دی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ایپکا آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید ماجد علی نقوی نے کہا کہ ریاست کے اندر دوہرہ معیار نافذ ہے۔ ملازمین کے اندر تفریق پیدا کر دی گئی ہے۔ سیکرٹریٹ اور نظامت ہاء کے ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں تفاوت پیدا کر کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ ایک ہی سکیل، ایک ہی عہدہ کے ملازمین کی تنخواہوں میں تفاوت ہے جس سے ملازمین شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ جب ملازمین کے کام کی نوعیت اور فرائض یکساں ہیں تو پھر تنخواہوں میں تفاوت کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ سیکرٹریٹ ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں کمی کی جائے، ہمارا مطالبہ یہ ہیکہ سیکرٹریٹ ملازمین کی طرز پر دوسرے ملازمین کو بھی مراعات دی جائیں۔ ہمارا احتجاج دوہرے طرز عمل کے خلاف ہے۔ ایپکا آزاد جموں و کشمیر نے تنخواہوں میں تفاوت کے خاتمے کے لیے ریاست گیر احتجاجی تحریک کا فیصلہ کیا ہے۔ احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں مظفرآباد سے دستخطی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں دستخطی مہم شروع کی جائے گی اور لاکھوں ملازمین کے دستخطوں پر مشتمل یاداشت وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کو پیش کی جائے گی۔ احتجاجی تحریک کے دوسرے مرحلے میں قلم چھوڑ ہڑتال کا آغاز کیا جائے گا اور دفاتر بند کر کے غیر معینہ مدت کے لیے احتجاجی دھرنے کی کال دی جائے گی۔ احتجاجی تحریک کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

Related Articles

Back to top button