ماجد خان کی زیر صدارت پی اے سی اجلاس‘محکمہ شاہرات کے ریکارڈ کی پڑتال

مظفرآباد (سٹاف رپورٹر) 18 فروری 2026 کوچیئرمین پی اے سی عبدالماجد خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے مجلسِ حساباتِ عامہ کے اجلاس میں محکمہ شاہرات سے متعلق مالی بے ضابطگیوں کے معاملات تفصیل سے زیرِ بحث لائے گئے۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی اور مختلف منصوبوں کے مالی و انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مسٹر محمد یونس، آڈٹ آفیسر نے ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے آڈٹ مؤقف کو جامع اور مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے ریکارڈ، دستاویزات اور مالی امور سے متعلق نکات واضح کیے اور اعتراضات کی بنیاد اور نوعیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ارکانِ اجلاس نے پیش کردہ آڈٹ نکات پر سوالات بھی اٹھائے اور متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عوامی فنڈز کے استعمال میں شفافیت اور قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔آخر میں فیصلہ کیا گیا کہ نشاندہی کی گئی بے ضابطگیوں سے متعلق مزید جانچ اور ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مالی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جائے۔


