کوٹلی‘ نابالغ قیدیوں کی اصلاح تعلیم وتربیت کیلئے علیحدہ پورسٹل سنٹر قائم

کوٹلی(پی آئی ڈی) ڈسٹرکٹ جیل کوٹلی میں قید نابالغ بچوں کی اصلاح، تعلیم و تربیت کے لیے علیحدہ بورسٹل سینٹر (نابالغوں کا اصلاحی مرکز) قائم کر دیا گیا ہے۔ اس مرکز میں بچوں کو دینی، نصابی اور فنی تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشرے کے مفید، باشعور اور باکردار شہری کے طور پر زندگی گزار سکیں۔بورسٹل سینٹر کا باقاعدہ افتتاح آج اسپیشل کمیونی کیشن آرگنائزیشن (SCO) کے جنرل آفیسر نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق، ضلعی افسران، محکمہ تعلیم، ریڈ فاؤنڈیشن اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک تھے۔مرکز میں دینی تعلیم ضلع مفتی کی زیر نگرانی دی جائے گی، نصابی تعلیم محکمہ تعلیم کے اساتذہ فراہم کریں گے، جبکہ فنی و آئی ٹی تربیت AJK TEVTA کے اشتراک سے دی جائے گی۔ ایس سی او کی جانب سے جدید کمپیوٹر لیب اور مفت انٹرنیٹ سہولت فراہم کی گئی ہے، جس کا افتتاح ڈی جی ایس سی او نے خود کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایس سی او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایک مثبت اور انسان دوست اقدام ہے جو ان بچوں کے مستقبل کو سنوارنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ایس سی او ہمیشہ سماجی ترقی، تعلیم اور نوجوان نسل کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں اپنا حصہ ڈالتی رہی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ بورسٹل سینٹر نہ صرف تعلیمی بلکہ اخلاقی اور فنی بنیادوں پر بھی ان بچوں کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔ڈپٹی کمشنر میجر (ر) ناصر رفیق نے کہا کہ نابالغ قیدیوں کی تعلیم و تربیت ایک مقدس قومی ذمہ داری ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ یہ بچے رہائی کے بعد بہتر سوچ، مثبت کردار اور جدید تعلیم سے آراستہ ہو کر معاشرے میں تعمیری کردار ادا کریں۔ ضلعی انتظامیہ اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔محکمہ تعلیم جلد ہی باضابطہ شیڈول کے تحت کلاسز کا آغاز کرے گا، جبکہ ریڈ فاؤنڈیشن درسی کتب اور تعلیمی مواد فراہم کرے گی۔ بورسٹل سینٹر میں فراہم کردہ سہولیات ایک محفوظ، مثبت اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کریں گی تاکہ یہ بچے جیل سے نکل کر ایک نئی امید، اعتماد اور بہتر مستقبل کے ساتھ اپنی زندگی کا نیا سفر شروع کر سکیں۔اس موقع پر ایس پی عدیل احمد لنگڑیال، سپرنٹنڈنٹ جیل،اسسٹنٹ کمشنر سہیل بشتر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔



