چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی زیر تعمیر دانش اسکول کی عمارت کا دورہ
تعمیراتی کام کا معیار بین الاقوامی معیارات کے مطابق برقرار رکھا جائے، نیز یہ یقینی بنایا جائے،چیف سیکریٹری گلگت بلتستان

گلگت (محاسب نیوز) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے دانش اسکول کی زیر تعمیر عمارت، واقع سلطان آباد دنیور، کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈیویلپمنٹ) عبد الوحید شاہ سیکریٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس سبطین احمد، سیکریٹری داخلہ علی اصغر، اور ڈپٹی کمشنر گلگت بھی موجود تھے۔دورے کے دوران چیف سیکریٹری نے منصوبے کی تعمیراتی کارروائیوں، کام کے معیار اور استعمال ہونے والے تعمیراتی مواد کا ازخود جائزہ لیا۔ انہوں نے سائٹ پر موجود انجینئرز اور عملے سے براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے کام کی پیشرفت اور ممکنہ مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد یاسر نے منصوبے کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے تعمیراتی مراحل، لاگت، وقت بندی اور اب تک حاصل ہونے والی ترقی سے حاضرین کو آگاہ کیا، نیز یقین دلایا کہ تمام تر کام مقررہ معیار کے مطابق انجام دیا جا رہا ہے۔چیف سیکریٹری نے منصوبے کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ تعمیراتی کام کا معیار بین الاقوامی معیارات کے مطابق برقرار رکھا جائے، نیز یہ یقینی بنایا جائے کہ منصوبہ مقررہ مدت میں یا اس سے پہلے پایہ تکمیل کو پہنچ جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے منصوبے سے وابستہ تمام افسران، انجینئرز اور عملے کی محنت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دانش اسکول کی یہ نئی عمارت علاقے کی نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی تعمیر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔