گلگت بلتستان

یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان کے وفد کا بلتستان یونیورسٹی کا دورہ

وفد نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین سے ملاقات کی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین نے اپنے دفتر میں وفد کا پرتپاک استقبال کیا

سکردو (نامہ نگار)یونیورسٹی آف بلتستان سکردو میں پیر، 29 ستمبر 2025 کو یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان (USEFP) کے اعلیٰ سطحی وفد نے دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر کے موران نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر المونائی پروگرامز جناب مظہر. اعوان، ڈائریکٹر ایکسچینج پروگرامز جناب سلیم رزاق اور سینئر پروگرام آفیسر جناب شہرام نیازی بھی شامل تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین نے اپنے دفتر میں وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی آف بلتستان اور USEFP کے مابین ممکنہ تعاون، تعلیمی تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وائس چانسلر نے اس موقع پر مقامی محققین اور طلبہ کے لیے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور تحقیقی اشتراک کی خواہش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر پیٹر موران نے USEFP کے تحت جاری مختلف تعلیمی و تحقیقی منصوبوں، خصوصاً امریکی حکومت کے تعاون سے فراہم کیے جانے والے فل برائٹ ماسٹرز، پی ایچ ڈی، پوسٹ ڈاکٹریٹ، فیلوشپ اور ایف ایل ٹی اے پروگرامز پر روشنی ڈالی۔ ملاقات کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین اور رجسٹرار ڈاکٹر میر عالم نے ڈاکٹر پیٹر موران کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔بعد ازاں یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں ایک بھرپور سیشن منعقد ہوا جس میں فیکلٹی، انتظامیہ، انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر ذاکر حسین ذاکر نے خوش آمدیدی خطاب کیا اور وفد کو یونیورسٹی کے ماحول اور علاقے کی خصوصیات سے آگاہ کیا۔سیشن کے دوران جناب مظہر ق. اعوان نے المونائی افیئرز کے مقاصد اور سرگرمیوں پر روشنی ڈالی، جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران نے اپنے خطاب میں طلبہ و اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی، پروگرامز کی افادیت اور پہاڑی کمیونٹی سے اپنی وابستگی کا ذکر کیا۔ انہوں نے مقامی لوگوں کے مثبت کردار اور تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ڈائریکٹر ایکسچینج پروگرامز جناب سلیم رزاق نے USEFP کے مختلف پروگرامز، اہلیت کے معیار، درخواست کے عمل اور فوائد پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اختتامی کلمات فل برائٹ اسکالر ڈاکٹر حاجی کریم خان نے ادا کیے۔ انہوں نے اپنے ذاتی تجربات بیان کرتے ہوئے طلبہ کو اس قیمتی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں اور شرکاء کے ساتھ ایک یادگاری گروپ فوٹو بھی لیا گیا

Related Articles

Back to top button