فاریسٹر فارسٹگارڈ ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا مسائل حل کرانے کا اعلان

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)آزاد جموں و کشمیر فارسٹر، فارسٹ گارڈز ایسوسی ایشن نے بیلداران کو مستقل کرنے، رسک الاؤنس، ڈیلی ہارڈ الاؤنس کی منظوری اور نو خواتین فارسٹ گارڈز کی محکمہ مالیات سے اسامیاں تخلیق کرانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملازمین کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر سے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ وہ ان دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ان خیالات کا اظہار آزاد جموں و کشمیر فارسٹر فارسٹ گارڈ ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر محمد سلیم اعوان، مرکزی چیئرمین راجہ تصویر خان، سینئر نائب صدر چوہدری ظفر اقبال، جنرل سیکرٹری سردار اعجاز خان، نائب صدر عابد مغل، سیکرٹری مالیات واجد اعوان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید خالد شاہ، نائب صدر راجہ ولید خان، سیکرٹری اطلاعات طارق صغیر اعوان، سردار شاہد، جوائنٹ سیکرٹری محمد نارس منہاس، لیگل ایڈوائزر سید راشد علی گیلانی، خالد اعوان، میر نوشاد خان، ضلعی جنرل سیکرٹری سردار رفاقت حسین، امتیاز اعوان، راجہ اسرار اختر، شیخ وسیم و دیگر نے محکمہ جنگلات کے مرکزی دفتر پہنچنے پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔عہدیداران نے کہا کہ بیلداران کو مستقل کرنا، رسک الاؤنس اور ڈیلی ہارڈ الاؤنس کی فراہمی ملازمین کا بنیادی حق ہے، جس سے مزید تاخیر ناانصافی کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے امید ظاہر کی کہ وہ ان معاملات کو اسی طرح حل کریں گے جس طرح ان کے والد محترم سابق وزیراعظم راجہ ممتاز حسین راٹھور نے ملازمین کو 200 روپے کا اضافہ دیا تھا، جو آج تک تسلسل کے ساتھ مل رہا ہے۔ایسوسی ایشن رہنماؤں نے کہا کہ“ہم حقوق سے پہلے فرائض کو ترجیح دیتے ہیں ”اور محکمہ جنگلات کے ملازمین نے ہمیشہ مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں۔ انہوں نے وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب سے بھی توقع ظاہر کی کہ جس طرح انہوں نے سابقہ دور حکومت میں بیلداران کو مستقل کرایا تھا، اسی طرح اس بار بھی تمام بیلداران کو مستقل کرنے سمیت دیگر تمام مسائل حل کرائیں گے۔اس موقع پر تاوبٹ سے بھمبر تک محکمہ جنگلات کے تمام ملازمین اور ضلعی عہدیداران کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ مرکزی دفتر پہنچنے پر ملازمین نے ایسوسی ایشن عہدیداران کا شاندار استقبال کیا، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر پرجوش نعرہ بازی کی گئی۔عہدیداران نے ملازمین کو یقین دلایا کہ کسی صورت ان کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فارسٹر فارسٹ گارڈ ایسوسی ایشن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، تاہم ملازمین کے حقوق کے لیے ہر قانونی اور آئینی فورم پر مؤثر انداز میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیر جنگلات سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ محکمہ جنگلات کے ملازمین کے تمام باقی ماندہ مسائل کو فوری طور پر حل کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔



