مظفرآباد

ہٹیاں بالا، آتشزدگی کے نقصانات اور جنگلات کی اہمیت پر آگاہی سیمینار

ہٹیاں بالا(بیورورپورٹ)محکمہ جنگلات تجدید ڈویژن جہلم ویلی کے زیر اہتمام یونین کونسل لانگلہ میں جنگلات کی افادیت اور جنگلات کو آگ لگانے کے نقصانات کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار منعقد ہوا،جس میں ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر جہلم ویلی ہارون الرشید اعوان،ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر تجدید مطلوب احمد،ممبر ضلع کونسل جہلم ویلی آصف اقبال مغل،وائس چیئرمین یونین کونسل لانگلہ محمد تبسم،پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائی سکول لانگلہ محمد حسین اعوان،رینج آفیسران شاہد حمید عباسی،چوہدری اعظم، بلاک آفیسر سید شہزاد بخاری، سوشل آرگنائزر صبیتہ صدیق، فارسٹ گارڈز،سول سوسائٹی کے اراکین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جنگلات کسی بھی ملک کا قیمتی قدرتی اثاثہ اور ماحولیاتی نظام کی بنیاد ہیں،جنگلات نہ صرف آکسیجن فراہم کرتے ہیں بلکہ زمین کے درجہ حرارت کو معتدل رکھتے،بارشوں کے نظام کو قائم رکھتے اور مٹی کے کٹاؤ کو روکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ کے بغیر زندگی کے تسلسل کا تصور ممکن نہیں ہے،مقررین نے مزید کہا کہ جنگلات میں آگ لگانے سے قیمتی درخت، جنگلی حیات اور مٹی کی زرخیزی برباد ہو جاتی ہے، جس کے اثرات برسوں تک ماحول پر مرتب رہتے ہیں۔ عوام میں اس حوالے سے شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے صاف اور محفوظ ماحول چھوڑ پائیں،شرکاء نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جنگلات کے تحفظ، شجرکاری کے فروغ اور ماحول کے استحکام کے لیے محکمہ جنگلات کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

Related Articles

Back to top button