ہٹیاں بالا، انجمن غلاماب ِ زہراؓ کے زیر اہتمام محفل غوث الاعظمؒ کا انعقاد

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)انجمن غلامان سیدہ زہراء سلام اللہ علیہا و دارلعلوم سکندریہ کے زیر انتظام محفل غوث اعظم رحمتہ اللہ علیہ مرکز اہل سنت دارلعلوم سکندریہ ہٹیاں بالا میں منعقد ہوئی،جس میں صاحبزادہ پیر سید فیاض حسین کاظمی سجادہ نشین دربار عالیہ سکندریہ نے خصوصی خطاب کیا جبکہ بانی چیف کوارڈینیٹر و ناظم اعلی مرکزی سیرت کمیٹی ضلع جہلم ویلی پیر سید احسان الحسن گیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، منعقدہ تقریب میں ثناء خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت و بارگاہ غوث اعظم رحمتہ اللہ علیہ میں منقبت کے پھول نچھاور کیے،صاحبزادہ پیر سید فیاض حسین کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی امت مسلمہ علمی، عملی، روحانی اور سیاسی زوال کا شکار ہوئی، اللہ تعالیٰ نے مسلم امہ کو کسی ایسے فرد سے نوازا جس کے وجود نے صحراؤں کو گلشن بنادیا اور مسلمانوں کو سر اٹھا کر جینے کا ڈھنگ سکھادیا قطب ربانی سیدنا الشیخ عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ بھی ایسی ہی حیات آفرین شخصیتوں میں سے ایک ہیں جن کی کتاب زیست کا ایک ایک ورق خزاں رسیدہ چمن کے لیے باد بہاری کا ایک خوشگوار جھونکا ہے آپ کی تعلیمات نے عالم اسلام کے مرکز بغداد میں ٹوٹ پھوٹ کے شکار معاشرے کو حیات نو کا مژدہ سنا کر مسلم امہ کے نحیف و ناتواں بدن میں نئی روح پھونک دی، تب سے اب تک آپ کی تعلیمات امت مسلمہ کو روح کی غذا فراہم کررہی ہیں، عصر حاضر میں آپ کی نورانی تعلیمات ماضی کی نسبت زیادہ اہم ہوگئی ہیں کیونکہ مادیت بھی ماضی کی نسبت کہیں زیادہ قوت کے ساتھ انسانیت اور اخلاقی اقدار کے ساتھ نبرد آزما ہے