مظفرآباد

مفتی کفایت نقوی کا آزادکشمیر میں سیاسی انارکی پر شدید ردعمل

مظفرآباد (خبرنگار خصوصی)اسلامی نظریاتی کونسل آزاد جموں و کشمیر کے رکن اور ممتاز مذہبی اسکالر علامہ مفتی کفایت حسین نقوی نے ریاست میں جاری سیاسی بحران اور قیادت کی کشمکش پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتوں کی بار بار تبدیلی سے ریاستی نظام میں کوئی بہتری نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتیں اگر بالغ النظری، تدبر اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتیں تو اس سیاسی انارکی کا نقصان براہ راست عوام کو ہوگا۔ ” محاسب نیوز ” سے خصوصی گفتگو میں مفتی کفایت حسین نقوی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اقتدار کے کھیل میں الجھ کر عوامی مسائل کو مکمل طور پر فراموش کر چکی ہیں۔ ریاست کے بیشتر اضلاع خصوصاً رہادت، نیلم، حویلی اور پونچھ کے شہری آج بھی صاف پانی، معیاری سڑکوں، سکولوں اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ مگر بدقسمتی سے عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے سیاستدان وزارتِ عظمیٰ کی کرسی کے حصول کے لیے ان ہاؤس تبدیلیوں کی دوڑ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام نے نہ صرف عوام کا اعتماد مجروح کیا ہے بلکہ ریاستی اداروں کی کارکردگی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ٹھپ ہوچکے ہیں، ترقیاتی بجٹ سیاستدانوں کی ذاتی آسائشوں پر خرچ کیا جا رہا ہے اور خزانے کو ایسے لوٹا جا رہا ہے جیسے یہ ”شیر مادر“ ہو۔ مفتی نقوی نے واضح کیا کہ ایسے رویے کسی طور قبول نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو سمجھنا چاہیے کہ اقتدار عارضی ہے مگر عوام کا اعتماد مستقل سرمایہ ہوتا ہے۔ اگر عوام کی حالت بہتر نہ کی گئی اور سیاست کا محور اقتدار کی ہوس ہی رہا تو آنے والی نسلیں سیاستدانوں پر نہیں بلکہ نظام پر سوال اٹھائیں گی۔ علامہ مفتی کفایت حسین نقوی نے اس امر پر زور دیا کہ ریاستی استحکام، ادارہ جاتی خودمختاری اور عوامی فلاح کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے سیاسی رہنماؤں کو نصیحت کی کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد کو ترجیح دیں، بصورتِ دیگر تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔

Related Articles

Back to top button