مظفرآباد

بھارت افغانگٹھ جوڑ مسترد، کشمیری عوام کا مسلح افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی

مظفرآباد(سروے رپورٹ: جہانگیر حسین اعوان) افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور بھارت کے ساتھ گٹھ جوڑ کے انکشافات پر ملک بھر کی طرح مظفرآباد میں بھی شدید عوامی ردِعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے افغانستان کی حکومت کی پالیسیوں کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کے دفاع میں مسلح افواج کے جرات مندانہ اور مؤثر جوابی اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے فتنہ? خوارج اور فتنہ? ہندوستان کے دہشت گرد گروہوں کو پناہ گاہیں اور مدد فراہم کرنا نہ صرف دوطرفہ تعلقات کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ پاکستان کی خودمختاری کے خلاف کھلی جارحیت کے مترادف ہے۔ افغانستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ گٹھ جوڑ اور کشمیر کی متنازعہ حیثیت پر غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کو کشمیری عوام نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اسمبلی صاحبزادہ اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے، کسی بیرونی طاقت یا پراکسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہماری سرزمین پر خون خرابہ کرے۔ افغانستان کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ میئر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد سید سکندر نثار گیلانی نے کہا کہ افغان سرزمین سے پاکستان پر حملے ناقابلِ برداشت ہیں۔ پوری پاکستانی اور کشمیری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اگر دشمن نے دوبارہ میلی آنکھ اٹھائی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انجمن تاجران مدینہ مارکیٹ کے صدر راجہ ابرار مصطفیٰ نے کہا کہ ہم پاک فوج کی کارروائیوں کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ قومی بقاء کی جنگ ہے۔ تاجر برادری وطن کے دفاع کے لیے ہر طرح کا تعاون دینے کو تیار ہے۔ کونسلر ندیم پلہاجی نے کہا کہ افغانستان کو اپنی سرزمین دہشت گردوں سے پاک کرنی چاہیے۔ اگر پاکستان کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو قوم اور فوج مل کر اس کا منہ توڑ جواب دے گی۔ ن لیگ کے رہنما خورشید قریشی نے کہا کہ افغان قیادت ہوش کے ناخن لے۔ بھارت کی گود میں بیٹھ کر پاکستان دشمنی کے بیانات دینا خطے کے امن کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ سیاسی و سماجی رہنما سید مقصود کاظمی نے کہا کہ افغان وزیر خارجہ کے بیانات بھارتی ایجنڈے کی عکاسی کرتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button