پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی‘بلاول بھٹوزرداری

اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔آزادکشمیر کے عوام سے وعدہ کرتا ہوں میں آپ کو مایوس نہیں کروں گا۔ اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔پیپلزپارٹی کی بنیاد کشمیر کاز کی وجہ سے رکھی گئی۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا مقدمہ او آئی سی، اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر لڑا ہے۔ دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کے عوام کیلئے آواز اٹھائی ہے۔بطور وزیر خارجہ مجھے بھی کشمیریوں کی جدوجہد آگے لے جانے کا موقع ملا۔ان کا کہنا تھا کہ جب بانی پی ٹی آئی کی حکومت تھی اس وقت اسٹیبلشمنٹ کا کردار سب کے سامنے تھا۔غیر سیاسی سوچ کی وجہ سے ویکیوم پیدا کیا گیا جس کی وجہ سے کشمیر کے عوام کو نقصان ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پچھلے الیکشن میں حصہ لیا اور بھرپور سیاسی مہم چلائی۔ پیپلزپارٹی نے سب حالات کا مقابلہ کیا اور الیکشن جیتا جسے شکست میں بدلا گیا۔پیپلزپارٹی پھر بھی پیچھے نہیں ہٹی اسمبلی میں اپنی پارٹی کی نمائندگی کرتے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر اسمبلی کا جو وقت رہتا ہے ہم سمجھتے ہیں اس سے پہلے نئے انتخابات ہو جائیں گے۔


