جرائم پیشہ افراد، منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی تیز کی جائے،ایس پی جہلم ویلی

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)ایس پی جہلم ویلی سید عباس علی نے کہا ہے کہ عادی جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں،سٹریٹ کرائم،چوری، ڈکیتی اور اغواء جیسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور اور موثر کارروائیاں تیز کی جائیں،عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لیے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار ایس پی جہلم ویلی سید عباس علی نے ماہانہ کرائم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،میٹنگ میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز،ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر،انچارج سی آئی اے،کرائم بیٹ،آئی ٹی سیکشن کے انچارج،ریڈر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی،میٹنگ میں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کو یقینی،امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کے سدباب،منشیات، اسلحہ ناجائز کے خاتمہ کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا،ایس پی سید عباس علی نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس گشت کے نظام کو مزید فعال،موثر بنایا جائے،خاص طور پر شام، رات کے اوقات میں گشت کے دوران مشکوک افراد،گاڑیوں کی جدید ایپ ای پی پی(الیکٹرانک پولیس پوسٹ)کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں خفیہ ذرائع کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بروقت کارروائی ممکن ہو،میٹنگ میں ماہ کتوبر2025ء کے دوران پیش آنے والے مختلف جرائم کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،ضلع بھر میں درج مقدمات،ان کی تفتیشی پیش رفت،ملزمان کی گرفتاریوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی،ضلعی پولیس سربراہ نے ایک ایک کیس کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ زیر تفتیش مقدمات کی جلد اور شفاف تفتیش کو یقینی بنایا جائے تاکہ مظلوموں کو بروقت انصاف فراہم کیا جائے،ضلعی پولیس سربراہ سید عباس علی نے کہا کہ پولیس کا کردار صرف قانون نافذ کرنے والا نہیں بلکہ معاشرتی امن کا ضامن بھی ہے،عوام کے ساتھ بہتر رابطہ کاری،اعتماد سازی،تعاون کے ذریعے جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے،انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے،تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے،غیر قانونی اسلحہ،منشیات فروشی اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم جاری رکھی رکھتے ہوئے تھانہ جات کی روزانہ کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے جمع کروائی جائے،آزاد کشمیر پولیس میں جاریہ آئی ٹی پراجیکٹس کی پراگرس بہتر ہے اسے مزید بہتر بنایا جائے،ہوٹلز میں رہائش رکھنے والے مسافران کی ہوٹل ای میں انٹری لازمی کی جائے،ضلع ہذا میں داخل ہونے والی گاڑیوں اور مسافران کی بذریعہ ای پی پی چیکنگ کی جائے،انھوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ بہتر رابطہ رکھیں، ان کے مسائل کو سنیں اور پولیس پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنائیں،آخر میں ضلعی پولیس سربراہ نے امید ظاہر کی کہ تمام افسران اور جوان اپنے فرائض ایمانداری،دیانت داری، جذبہ خدمت کے ساتھ انجام دیں گے تاکہ جہلم ویلی کو ایک پُرامن اور جرائم سے پاک ضلع بنایا جائے۔۔۔۔۔



