LoCکے علاقے نالی میں پاک فوج کا فری میڈیکل کیمپ‘سیکڑوں افراد کا معائنہ

سماہنی (نصیر چوہدری سے)وادی سماہنی کے سرحدی علاقے نالی جو وادی سماہنی کا آخری گاؤں ہے میں پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کیمپ ایل او سی کے باغسر سیکٹر میں تعینات پاک فوج کی یونٹ کی خصوصی کاوش تھی، جس کا مقصد سرحدی علاقوں میں بسنے والے عوام کو بنیادی طبی سہولیات اُن کی دہلیز پر فراہم کرنا تھا۔کیمپ میں پاک فوج کے ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ سول شعبے کے سینئر طبی ماہرین نے بھی خدمات سرانجام دیں۔ دن بھر جاری رہنے والے اس فری میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، جن میں خواتین، بزرگ، بچے اور نوجوان شامل تھے۔ مریضوں کو موقع پر ہی فری ادویات فراہم کی گئیں، جب کہ بعض مریضوں کے لیے آگے کے علاج اور ٹیسٹوں کے لیے خصوصی سفارشات بھی جاری کی گئیں۔مقامی لوگوں نے پاک فوج کی اس عوام دوست اور انسانیت پر مبنی خدمت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج صرف سرحدوں کی محافظ ہی نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود میں بھی پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سرحدی عوام کے دل جیت لیتے ہیں اور فوج و عوام کے درمیان محبت اور اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔علاقے کے عمائدین نے بھی پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے میڈیکل کیمپ نہ صرف عوام کو بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم کرتے ہیں بلکہ ان میں آگاہی اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شعور بھی بیدار کرتے ہیں۔آخر میں کیمپ کے منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج آئندہ بھی سماہنی سمیت دیگر سرحدی علاقوں میں عوامی خدمت کے ایسے اقدامات جاری رکھے گی