محکمہ جنگلات آزادکشمیر کے 923بیلداران مستقلی کے منتظر

مظفرآباد(خبرنگار خصوصی) محکمہ جنگلات آزادکشمیر کے 923بیلداران مستقلی کے منتظر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور ان بیلدارن کو مستقل کرنے کی منظوری دے کر ان میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کریں۔ جنگلات کو آتشزدگی سے بچاتے ہوئے متعدد بیلداران زندگی کی بازی ہار گئے متعدد شدید زخمی ہو کر عمر بھر کیلئے معذور بن کر گھر والوں پر بوجھ بنے ہوئے ہیں رواں آتشزدگی نیلم کے دوران بھی 13بیلداران دن رات آگ کو بجھاتے ہوئے زخمی ہوئے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے محکمہ جنگلات میں ریڑح کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے بیلداران کئی وزراء اعظم کے وعدوں کے مطابق تاحال مستقل نہ ہو سکے جو 5سے 20سال تک خدمات انجام دے رہے ہیں کئی کئی ماہ تنخواہوں سے بھی محروم رہے ہیں ان کے اہلخانہ بھی ذہنی مریض بن چکے ہیں سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے بھی ان بیلداران کو مستقل کرنے کا ان کے احتجاج کے دوران موقع پر آکر اعلان کیا لیکن عملدرآمد نہ ہو سکا۔ بیلداران جنگلوں میں آگ کو بجھانے اور سرسبز کشمیر کے ویژن کے لیے سب سے بڑھ کر کردار ادا کرتے ہیں مگر بیورو کریسی ان کی مستقلی کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے سیکرٹری جنگلات ان بیلداران کو مستقلی کیلئے کردار ادا کریں۔ سیاسی سماجی سول سوسائٹی کے زعماء ملک رفیق، اعجاز اعوان، طارق حسین، بلال خان، نمبردار بشیر احمد، سردار واجد، چوہدری امتیاز ودیگر نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ محکمہ جنگلات کے ان بیلداران کو مستقل کرکے ان کے اندر پانی جانے والی بے چینی ختم کریں اور ان کے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔



