محکمہ کے پاس ایک ارب 60 کروڑ روپے ترقیاتی فنڈز موجود ہیں۔ ڈی جی لوکل گورنمنٹ

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ آزاد جموں میں کشمیر خواجہ آصف مجید چشتی نے چارج سنبھالتے ہی وزیراعظم آزاد کشمیر، وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی ہدایات کے تناظر میں کام کا آغاز کر دیا۔ گزشتہ روز ڈی جی لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ارب 60 کروڑ روپیہ ڈیویلپمنٹ فنڈ موجود ہے، جس سے پلوں کی تعمیر، سولر انرجی پراجیکٹ کے علاوہ دیگر تعمیر و ترقی کے کام ہنگامی بنیادوں پر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست میں مختلف اوقات کار میں ہونے والی افراتفری کے دوران تباہی کا شکار ہونے والی سرکاری اراضیات، لائٹنگ و دیگر کو فل فور بحال کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ آصف مجید چشتی کا مزید کہنا تھا کہ عوام الناس کے بنیادی مسائل ان کے گھروں کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے دستیاب وسائل میں ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ریاست بھر میں لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی وزیراعظم ازاد کشمیر، وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی ہدایات کے تناظر میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور کرتے رہیں گے۔انہوں نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مذید کہا کہ آزاد کشمیر میں لوکل گورنمنٹ کی شاندار کارکردگی، عوامی سہولتوں کے منصوبے تیزی سے مکمل کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے۔آزاد کشمیر میں لوکل گورنمنٹ کے ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ مختلف اضلاع میں عوامی سہولتوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، صاف پانی، سڑکوں کی تعمیر اور صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ لوکل گورنمنٹ کے اداروں نے گاؤں اور قصبوں کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو اولین ترجیح دی ہے۔ رواں سال کے دوران سینکڑوں دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کی گئی ہے، جبکہ صاف پانی کی فراہمی کے متعدد منصوبے بھی کامیابی سے چل رہے ہیں۔ شہری علاقوں میں کچرا تلفی اور صفائی کے نظام میں جدید مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے عوامی اطمینان میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ لوکل گورنمنٹ کی مضبوطی ہی خطے کی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ حکومتی پالیسیوں کے مطابق مقامی سطح پر وسائل کے درست استعمال اور عوامی مشاورت سے منصوبے زیادہ مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔ان کا مذید کہنا تھاکہ ”ہم عوامی خدمت کے مشن پر عمل پیرا ہیں، لوکل گورنمنٹ کا نظام عوام تک سہولتیں ان کے دروازے پر پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ان کا کہنا تھاکہ“عوامی حلقوں نے حکومت آزاد کشمیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اسی تسلسل کے ساتھ ترقیاتی عمل جاری رہا تو آزاد کشمیر جلد خوشحال خطہ بن جائے گا۔



