آزادکشمیر میں مقیم حیریت رہنما محمد یعقوب شیخ کی مقبوضہ کشمیر میں جائیداد ضبط،میرواعظ کی پرزور مذمت
سری نگر (کے پی آئی) جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے رہنما پاکستان میں مقیم محمد یعقوب شیخ کی مقبوضہ کشمیر میں جائیدادضبط کر لی گئی ہے۔ انتظامیہ نے ضلع پلوامہ کے علاقے پامپور میں محمد یعقوب شیخ کا گھر اور چار مرلہ ارضی ضبط کی۔ آزادی پسند تنظیم جموں وکشمیر پیپلز لیگ سے وابستہ محمد یعقو ب شیخ اس وقت آزاد جموں وکشمیر میں مقیم ہیں۔انہوں نے بھارتی مظالم کی وجہ سے آزاد کشمیر ہجرت کی ہے۔محمد یعقوب شیخ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شیخ عبدالعزیز شہید کے چھوٹے بھائی ہیں۔شیخ عبدالعزیز کو بھارتی فوجیوں نے11اگست 2008میں کو ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں اس وقت شہید کیا تھا جب وہ ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف آزاد جموں و کشمیر کی طرف ایک بڑے مارچ کی قیادت کررہے تھے قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 12 نومبر سرینگر میں سینئر ایڈوکیٹ اور کشمیر بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں قیوم کے دو منزلہ رہائشی مکان کو ضبط کر لیا گیا تھا۔ یہ کارروائی سال 2009 کے ‘بھارت مخالف سیمینار’ میں میاں قیوم کی شرکت سے متعلق درج ایک کیس کے سلسلے میں انجام دی گئی۔ میاں قیوم اس وقت بھارتی قید میں ہیں



