مظفرآباد

ممتاز راٹھور مرحوم کے لخت جگر نے حلف اٹھالیا،ایک لمحہ ایک منٹ ضائع نہیں کرینگے،فیصل راٹھور

مظفرآباد(سپیشل رپورٹر)نومنتخب وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں ہوئی، قائم مقام صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر نے نومنتخب وزیراعظم سے ان کے عہدے کا حلف لیا، قبل ازیں چیف سیکرٹری آزادجموں و کشمیر خوشحال خان نے وزیراعظم کے انتخاب کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا،تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر محترمہ فریال تالپوراور سابق سینئر مشیر چوہدری محمد ریاض، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی، گورنر جی بی سید مہدی شاہ سمیت آزادکشمیر کے سابق وزراء اعظم، وزراء، سابقہ و موجودہ اراکین اسمبلی، سیکرٹریز حکومت، سربراہان محکمہ جات، پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے عہدیداران واراکین خواتین، وکلاء سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی، تقریب میں ریاست بھر سے بالعموم اور ضلع حویلی سے بالخصوص کارکنان پیپلزپارٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ایوان صدر پیپلزپارٹی کے روایتی جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔تقریب میں شرکت کیلئے پیپلزپارٹی کے کارکن ایوان صدر کے باہر بھی جمع رہے، بڑی تعداد میں میڈیا اور سوشل میڈیا کو کوریج سے روکا گیا، ایوان صدر کے باہر بھی لوگوں کی بڑی تعداد موجود رہی، ایوان صدر مظفرآباد کی سیکیورٹی سندھ پولیس کے سپرد رہی، بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے مظفر آباد پہنچے، جب کہ گورنر جی بی مہدی شاہ براستہ سڑک مظفرآباد پہنچے، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے حلقہ انتخاب سے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے کارکن ہجوم اور رش کی وجہ سے تقریب میں شریک نہ ہو سکے۔

Related Articles

Back to top button