دبئی ایئرشو میں بھارتی فضائیہ کو ایک اور سبکی کا سامنا،بھارتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا

دبئی (صباح نیوز)دبئی ایئرشو میں بھارتی فضائیہ کو ایک اور سبکی کا سامنا کرنا پڑ گیا جہاں اس کا جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہوگیا۔جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنگی طیارے میں تکنیکی خرابیاں تھیں تاہم اس کے باوجود اسے اڑایا گیا۔ بھارتی سرکاری خبر رساں ادارے نے اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے بھارتی ائیر فورس نے دبئی ائیر شو کے دوران مقامی طور پر تیار ہونے والے لڑاکا طیارے تیجس کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی ائیرفورس کی جانب سے حادثے میں پائلٹ کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کردی گئی ہے۔ انڈین ایکسپریس پر شائع خبر رساں ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق دبئی ایئرشو میں ایک مظاہرے میں حصہ لینے والا جنگی طیارہ تیجس آج سہ پہر گر کر تباہ ہوا۔ طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر ایک بڑے ہجوم کے سامنے فضائی نمائش کرتے ہوئے گر گیا۔ ہوائی اڈے کے قریب جائے حادثہ سے سیاہ دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا جس سے تماشائیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جو شو دیکھنے کیلیے موجود تھے۔ہنگامی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں بھارتی میڈیا کا کہنا ہیکہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 2016 سے سروس میں موجود تھا۔ دبئی ائیر شو کے دوران لڑاکا طیاروں کے مظاہرے کا سیشن شائقین کا پسندیدہ ترین ایونٹ ہوتا ہے تاہم بھارتی لڑاکا طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے بعد یہ ایونٹ روک دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل بھی دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی لڑاکا طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں تیجس طیارے کے فیول ٹینک سے تیل لیک ہوتے دیکھا گیا تھا




