مظفرآباد

منگلاجھیل کنارے زیر تکمیل PCہوٹل فنکشنل کرنے کیلئے ٹائم فریم دے دیا

میرپور (بیورو رپورٹ)کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے ضلع میرپور میں بین الاقوامی صنعتی،تجارتی، سیاحتی،میرپور میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کے انعقاد اور انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لئے معیاری رہائشی سہولیات کے لئے منگلا جھیل کنارے زیر تکمیل پرل کانٹی نینٹل ہوٹل انتظامیہ کو ہوٹل مکمل کرکے فنکشنل کرنے کے لیے ٹائم فریم دے دیا، بین الاقوامی نوعیت کے اس اہم منصوبہ کو سال 2023 میں مکمل ہونا تھا جس کی عدم تکمیل سے میرپور میں بین الاقوامی نوعیت کی صنعتی و تجارتی سرگرمیاں ماند پڑی ہوئی، پی سی ہوٹل کے زیر التواء منصوبہ کی تکمیل کے لئے ایک اہم اجلاس کمشنر میرپور ڈویژن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر ایڈمن ادارہ ترقیات میرپور کلیم احمد جرال، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشو ھاسپٹلی مسٹر بیسٹن پلانک، نائب صدر مسٹر آصف رضا نے شرکت کی۔ اجلاس میں پرل کانٹی نینٹل (PC)ہوٹل میرپور کے منصوبہ کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا اور اس اہم منصوبہ کی جلد از جلد تکمیل کے لئے ہوٹل انتظامیہ کے نمائندوں سے بریفنگ لی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ کووڈ-2019 کی وباء کے دوران تعمیراتی کام شدید متاثر ہوئے جس کے ساتھ مالی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس منصوبہ پر کمپنی کی طرف سے 3 ارب روپے کی خطیر رقم کی سرمایہ کاری کی گئی ہے منصوبہ پر تقریباً 90 فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا ہوا ہے۔ چند انتظامی، تکنیکی اور مالی رکاوٹیں ہونے کے باعث منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل نہیں ہوسکا منصوبہ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے اور اس منصوبہ کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ کمشنر راجہ طاہر ممتاز خان نے ہوٹل انتظامیہ پر واضح کیا کہ حکومت آزاد کشمیر نے میرپور میں بین الاقوامی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں، انٹرنیشنل ائیرپورٹ، ملکی اور بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ سمیت منگلا ڈیم میں بین الاقوامی سیاحتی سرگرمیوں کے لئے میرپور کی سب سے قیمتی اورجھیل کنارے 3 ارب روپے تک کی مالیتی اراضی پی سی ہوٹل کو اس لئے دی تھی کہ وہ یہاں بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوٹل فنکشنل کریں گے جس سے میرپور کے ائیر پورٹ، کرکٹ میچز، منگلا جھیل میں بین الاقوامی سیاحتی سرگرمیوں اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا لیکن پی سی ہوٹل کی انتظامیہ کے حوالے سے اس منصوبہ میں تاخیر کی گئی جس کے باعث حکومت آزاد کشمیر کے بین الاقوامی سطع کے بیشتر معاملات بھی زیر التواء ہیں اور اس سلسلہ میں اب مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے ہوٹل انتظامیہ ایک ٹائم فریم دے اگر اس کے اندر ہوٹل کو فنکشنل نہ کیا گیا تو پھر متبادل انتظامات کے بارے میں سوچا جاسکتا ہے، اہلیان میرپور کے بیشتر اوورسیز یہاں بین الاقوامی معیار کا فائیو سٹار ہوٹل بنانے میں سرمایہ اور دلچسپی بھی رکھتے ہیں چونکہ اوورسیز کے مطالبہ پر ہی حکومت پاکستان نے میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی منظوری دی ہوئی ہے اس طرح یہاں انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم بھی تیار شدہ ہے جس کے لئے بھی پی سی طرز کے بین الاقوامی سہولیات سے ہم آہنگ انٹرنیشنل ہوٹل نہ ہونے کے باعث اسٹیڈیم کی رونقیں بھی ماند ہیں چونکہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے لئے رہائش کی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ کمشنر نے مذید کہا کہ منگلا جھیل صاف شفاف پانی کا ایک بڑا ذخیرہ موجود ہے جس میں انٹرنیشنل واٹر سپورٹس اور بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بنایا جاسکتا ہے جس میں اوورسیز پاکستانی و کشمیریز سمیت بین الاقوامی سرمایہ کار کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے ہوٹل انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ واضح ٹائم لائن اور تفصیلی پلان فوری پیش کیا جائے اور منصوبہ کی تکمیل کی جائے اس حوالے سے میرپور کے مقامی باسیوں اور خاص طور پر اوورسیز کشمیریوں میں شدید اضطراب اور مایوسی پائی جاتی ہے۔ بیرون ملک مقیم کشمیری، جو اپنے آبائی شہر کی ترقی کے لیے مالی اور جذباتی طور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں اس تاخیر سے سخت مایوس ہیں اور سوال اٹھا رہے ہیں کہ اتنی بڑی سرمایہ کاری اور حکومتی تعاون کے باوجود منصوبہ کیوں پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا، پی سی ہوٹل کی تاخیر کی وجہ سے اس سے جڑے باقی منصوبوں پر کام بھی متاثر ہو رہا ہے۔ منصوبہ کی عدم تکمیل کے باعث میرپور کی بین الاقوامی معیشت، سیاحت اور روزگار بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میرپور میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیرہونا ہے جس سے شہر کی رونق میں اضافہ ہو گا اور ہوٹل سمیت دیگر معاشی و اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں تیزی سے بڑھیں گی۔یہ منصوبہ میرپور کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے، سرمایہ کاری راغب کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ہو گا۔جس سے پی سی کے کاروباری منصوبے کو بھی فائدہ ہو گا۔یہ دونوں بڑے منصوبے (پرل کانٹیننٹل ہوٹل اور بین الاقوامی ایئرپورٹ) مل کر میرپور کو ایک پرکشش سیاحتی، کاروباری اور تفریحی مرکز بنا سکتے ہیں۔کمشنر نے واضح کیا کہ اگر کلیئر پلان اور ٹائم لائن نہ دی گئی تو متبادل آپشن کی طرف جایا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button