مظفرآباد

صحافتی وسماجی پلیٹ فارم ینگ پیٹریاٹس نیٹ ورک کی پہلی تعارفی میٹنگ

مظفرآباد (کرائم رپورٹر)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں نو قائم ہونے والی صحافتی و سماجی پلیٹ فارم ینگ پیٹریاٹس نیٹ ورک (YPN) کی پہلی تعارفی میٹنگ ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ صحافیوں، میڈیا ورکرز، ڈیجیٹل جرنلسٹس، وکلاء اور یونیورسٹی آف آزاد کشمیر کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس کی میزبانی کامران مغل اور حمزہ کاٹل نے کی، میٹنگ کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد تنظیم کے اغراض و مقاصد، آئندہ لائحہ عمل اور منشور پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ینگ پیٹریاٹ نیٹ ورک کا قیام آزاد کشمیر میں صحافتی ترقی، میڈیا ایتھکس کے فروغ، فیک نیوز کے انسداد اور نوجوانوں کو مثبت، ذمہ دار اور حب الوطنی پر مبنی فکر سے آراستہ کرنے کے لیے ایک تاریخی قدم ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دورِ جدید میں صحافی اور ڈیجیٹل انفلوئنسر معاشرتی رہنمائی میں مرکزی کردار رکھتے ہیں، ایسے پلیٹ فارمز کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔معروف قانون دان عبدالصمد ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے سماجی و قانونی کردار پر جامع گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نوجوانوں کو نہ صرف ایک باوقار آواز مہیا کرے گا بلکہ انہیں اپنے معاشرتی کردار کو مثبت سمت میں اجاگر کرنے کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔اجلاس میں اس امر کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا کہ YPN ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم کے طور پر نوجوانوں کو متحد کرے گا، جہاں مقصد محض شہرت یا گروہ بندی نہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سوچ، ذمہ دارانہ صحافت اور باوقار قومی بیانیہ کو فروغ دینا ہے۔شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ینگ پیٹریاٹس نیٹ ورک مستقبل قریب میں آزاد کشمیر میں صحافت اور ڈیجیٹل میڈیا کے نئے رحجانات متعارف کراتے ہوئے نوجوان نسل کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اجلاس کے اختتام پر آئندہ ورکشاپس، ٹریننگ سیشنز اور تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کے حوالے سے مختلف تجاویز زیرِ بحث آئیں، جبکہ شرکاء نے اتفاق کیا کہ نیٹ ورک کو باضابطہ طور پر فعال بنانے کے لیے آئندہ ہفتوں میں مزید ملاقاتیں بھی منعقد کی جائیں گی۔شرکاء نے تنظیم کے روشن مستقبل اور قومی خدمت کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ جبکہ اجلاس میں مظفرآباد کے بعد میرپور اور پونچھ ڈویژن میں تنظیم سازی کے حوالے سے مشاورت مکمل کی گئی آئندہ دنوں میرپور اور پونچھ ڈویژن میں باقاعدہ اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا

Related Articles

Back to top button