المیثم ٹرسٹ کی جانب سے 50 خاندانوں میں سوختنی لکڑی اور راشن تقسیم
اس مرحلے میں 50 سادات خاندانوں کو سوختنی لکڑی کے ساتھ ایک ماہ کا راشن بھی فراہم کیا گیا ہے۔چیئرمین المیثم ٹرسٹ

سکردو (پ ر)المیثم ٹرسٹ پاکستان کی جانب سے سردی کے آغاز پر فلاحی خدمات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے 50 مستحق سادات خاندانوں میں سوختنی لکڑی اور راشن تقسیم کیا گیا۔ اس سے قبل پہلے مرحلے میں غیر سادات سمیت 100 خاندانوں میں لکڑی تقسیم کی گئی تھی۔تقسیم کے موقع پر المیثم ٹرسٹ کے چیئرمین ممتاز علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس مرحلے میں 50 سادات خاندانوں کو سوختنی لکڑی کے ساتھ ایک ماہ کا راشن بھی فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فلاحی اقدام کے لیے قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی اور علامہ شیخ اکمل حسین طاہری نے خصوصی مالی معاونت کی، جس پر ٹرسٹ ان کا شکرگزار ہے۔ممتاز علی کا کہنا تھا کہ خدمتِ خلق کا یہ سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں 100 جبکہ دوسرے مرحلے میں 50 مستحق خاندانوں کی مدد کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں مزید 100 خاندانوں کو سوختنی لکڑی فراہم کی جائے گی، جس کے لیے مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ غریب اور نادار خاندانوں کی مشکلات بھی بڑھ جاتی ہیں، لہٰذا یہ ہم سب خصوصاً صاحبِ استطاعت افراد کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ مستحقین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مخیر حضرات آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ ٹرسٹ کا ساتھ دیتے رہیں گے تاکہ علاقے کے ضرورت مند خاندانوں کی بروقت مدد ممکن ہو سکے۔




