دی ایجوکیٹرز گلگت کیمپس میں یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے تقریب
تقریب میں ٹیبلوز، ملی نغمات اور تقاریر کے ذریعے وطن سے محبت اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

گلگت (پ،ر) دی ایجوکیٹرز گلگت کیمپس میں یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے ملک اور قوم کے دفاع کے جذبے کو اجاگر کرنے والی شاندار پرفارمنسز پیش کیں۔ تقریب میں ٹیبلوز، ملی نغمات اور تقاریر کے ذریعے وطن سے محبت اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی اشتیاق احمد نے اپنے خطاب میں زور دے کر کہا کہ ”وطن کی حفاظت ہر شہری کے ایمان کا حصہ ہے”۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ بچپن سے ہی بچوں میں حب الوطنی کے جذبات پروان چڑھائیں، انہیں وطن سے محبت اور اس کے دفاع کی تربیت دیں۔ انہوں نے دی ایجوکیٹرز گلگت کیمپس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ابتدا سے ہی نئی نسل میں ملی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے جذبات بیدار کرنے میں مصروف عمل ہے۔تقریب میں موجود ڈپٹی سیکرٹری شیخ عنایت نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی اخلاقی و ملی تربیت نہایت ضروری ہے”۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ آج کے بچے ہی کل کے معمار ہیں، اور انہی کے ہاتھوں میں ملک و قوم کی حفاظت کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے ادارے کی جانب سے ایسے پروگراموں کے انعقاد کو قابل ستائش قرار دیا۔سی ای او دی ایجوکیٹرز گلگت سراج الدین میر نے تمام مہمانوں، اساتذہ اور والدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ادارہ ہمیشہ سے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت اور ان میں حب الوطنی کے جذبات پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آنے والے وقتوں میں بھی ایسے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر بہترین پرفارمنس دکھانے والے طلبہ و طالبات اور سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر پرنسپل، اساتذہ، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے تقریب کی کامیابی پر ادارے کو مبارکباد پیش کی۔