سپریم کورٹ گولڈن جوبلی تقریبات کوریج پر صحافیوں کو تعریفی شیلڈ عطا

مظفرآباد(پی آئی ڈی)چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان نے سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی گولڈن جوبلی تقریبات کی بہترین میڈیا کوریج کے اعتراف میں میڈیا پرسنز کو تعریفی شیلڈز دیں۔ اس سلسلہ میں سپریم کورٹ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سپریم کورٹ آزادجموں وکشمیر کی گولڈن جوبلی تقریبات کی بہترین میڈیا کوریج پرمیڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گولڈن جوبلی تقریبات ایک سنگ میل تھا، سپریم کورٹ کے پچاس سال پورے ہونے پر جس طرح آزادجموں وکشمیر اور پاکستان کا امیج دنیا کے سامنے ہائی لائیٹ ہوا ہے اس میں میڈیا کا کردار لائق تحسین ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کے فیصلے انکی اپنی سپریم کورٹ کرتی ہے جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے فیصلے دہلی میں انڈین سپریم کورٹ میں ہوتے ہیں۔ گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر منعقدہ جوڈیشل کانفرنس میں چیف جسٹس پاکستان اور چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان سے معزز جج صاحبان کی شرکت ہمارے لیے باعث اطمینان ہے۔ جوڈیشل کانفرنس سے لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب یکجہتی کا پیغام گیا۔ پاکستان ہماری امیدوں کا مرکز ہے۔ انہوں نیکہا کہ ہمارے جوڈیشل ادارے اپنی حدود میں رہتے ہوئے احسن انداز میں کام کررہے ہیں۔ پاکستان کی عدلیہ بھی آزادجموں وکشمیر کے عدلیہ کے فیصلوں سے رہنمائی لیتی ہے جو کہ ہمارے باعث اعزاز ہے۔ آزادکشمیر میں نامور ججز گزرے ہیں۔ موجودہ دور میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر نے گولڈن جوبلی کے موقع پر بہترین میڈیا کوریج کے اعتراف میں وائس چیئرمین پریس فاونڈیشن و نیو نیوز کے بیوروچیف سردار ذوالفقار علی، صدر سینٹرل پریس کلب سجاد قیوم میر،جیو نیوز کے محمد عارف عرفی، دنیا نیوز کے اسلم میر، اے آر وائی نیوز کے سردار رضا،روزنامہ محاسب کے ایڈیٹر سید آفاق حسین شاہ، آزادجموں وکشمیر ٹیلی ویژن کے جنرل منیجر غضنفر عبداللہ، پی ٹی وی کے راجہ عدیل خان،محکمہ اطلاعات کے افسران راجہ محمد سہیل خان اور راجہ عبدالباسط خان کو تعریفی شیلڈ ز دیں جبکہ سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان نے روزنامہ خبرنامہ کے چیف ایڈیٹر ظہیر احمد جگوال، صحافی محمدشبیر اعوان، محکمہ اطلاعات کے فوٹوگرافرز/ کیمرہ مین صدام شاہ، ملک شبیر، راشد احمد، زاہد خٹک کو تعریفی شیلڈ ز دیں۔ چیف جسٹس آزاد جموں س کشمیر نے ہائیکورٹ آزاد جموں و کشمیر کے اسسٹنٹ رجسٹرار پروٹوکول احسن امتیاز اور اسسٹنٹ رجسٹرار انتظامیہ رانا خالد کو بھی تعریفی شیلڈ دیں۔اس موقع پر چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی والدہ محترمہ کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔




