مظفرآباد

عوامی حقوق کی جنگ سڑکوں پر نہیں ایوان میں لڑیں گے‘فیصل راٹھور

مظفر آباد (محاسب نیوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ خدمتِ خلق ہی ہماری سیاست اور پہچان ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کی یہ حکومت عوام کی نمائندہ حکومت ہے، عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں، یہ ایم ایل ایز کی نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، مظفرآباد میں وزیراعظم ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں، پانیولہ میں سب ڈویژن کے قیام، تھوراڑ میں ٹاؤن کمیٹی کے قیام، داتوٹ میں سول جج کی مستقل ماہانہ تعیناتی اور تھوراڑ واٹر سپلائی اسکیم کی مکمل بحالی سمیت تھوراڑ واٹر سپلائی کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ تھوراڑ ہسپتال کی حفاظتی دیوار، تمروٹہ گرڈ اسٹیشن کے لیے فوری احکامات دیتا ہوں، تھوراڑ،راولاکوٹ،منگ روڈ کی تعمیر، موری فرمان شاہ پل (لوکل گورنمنٹ کے ذریعے)، آرنیلہ،سرمیلہ پل، مجاہد آباد روڈ اور داتوٹ میں ڈگری کالج کے قیام کا بھی اعلان کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پانیولہ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ گزشتہ آڑھائی سالہ حکومت کو عوامی پذیرائی حاصل نہیں تھی، موجودہ حکومت نے وزراء و بیوروکریسی کو ہدایت دی ہے کہ کوئی شہری دفاتر سے مایوس ہو کر واپس نہ جائے۔ریاست کے عوام کا روشن مستقبل بنانا موجودہ حکومت کی ترجیح ہے، مشیر برائے اسپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر احمد صغیر کے یہاں کے لئے اعلانات پر مکمل عملدرآمد ہوگا، بے روزگاری کا خاتمہ حکومت کے لیے بنیادی چیلنج ہے،، بے روزگاری کے خاتمے کے لیے اقدمات اٹھارہے ہیں، عوامی مسائل کی جنگ اب نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سیاست آج بھی زندہ ہے، عوام اپنے نمائندوں پر مکمل اعتماد کرتی ہے، عوام کی خدمت کو ترجیح بنایا گیا ہے، اختیار اللہ کی امانت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی حقوق کی جنگ اب سڑکوں پر نہیں بلکہ ایوان میں لڑی جائے گی، خدمتِ خلق ہی ہماری سیاست اور پہچان ہے،، نیلم سے باغ تک عوام کی محبت سیاست پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح عوامی مسائل اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانا ہے انھوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے مکمل موجودہ حکومت انقلابی اقدامات اٹھاتی رہے گی۔

Related Articles

Back to top button