پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دورکرینگے، فیصل راٹھور

اسلام آباد (بیورورپورٹ‘پی آئی ڈی)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے آزاد جموں و کشمیر بار کونسل کے وائس چیئرمین محمد طارق بشیر ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی۔ وفد میں محمد ندیم خان ایڈووکیٹ، چوہدری وسیم صابر ایڈووکیٹ، محترمہ تعظیم عزیز ایڈووکیٹ، شجاعت علی راٹھور ایڈووکیٹ، سید عاصم مسعود گیلانی ایڈووکیٹ، سید اشفاق حسین کاظمی ایڈووکیٹ، ہارون ریاض مغل ایڈووکیٹ، میر تنویر ایڈووکیٹ، صغیر حیدر جرال ایڈووکیٹ، اشتیاق احمد راجہ ایڈووکیٹ سمیت بار کونسل کے دیگر ممبران شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر چوہدری قاسم مجید اور ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر بار کونسل کے وفد نے وزیراعظم کو وکلا برادری کو درپیش مختلف مسائل اور بار کونسل سے متعلق اہم امور سے آگاہ کیا۔ وفد نے بار کونسل کی مستقل مکانیت کے قیام، وکلا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لائرز پروٹیکشن ایکٹ کے مؤثر نفاذ، بار کونسل کی گرانٹ اِن ایڈ میں اضافے، ضلع حویلی میں جوڈیشل کمپلیکس کے قیام، تحصیل دھیرکوٹ میں جوڈیشل کمپلیکس اور تحصیل برنالہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کورٹ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔اس کے علاوہ وفد نے مختلف ٹربیونلز میں وکلا کی تعیناتی نہ کیے جانے، سرکاری سطح پر تعینات لاء افسران کے طریقہ کار اور وکلا کی نمائندگی سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ بار کونسل کے نمائندگان نے اس امر پر زور دیا کہ وکلا کو درپیش انتظامی و پیشہ ورانہ مسائل کے حل سے انصاف کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے بار کونسل کے وفد کی تمام تجاویز اور مطالبات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت وکلا برادری کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی



