مظفرآباد

اعجاز خان مغل کا خان پور دبن کا طوفانی دورہ‘ پیپلز پارٹی کو بڑاسیاسی جھٹکا

مظفرآباد (خبر نگار خصوصی)حلقہ لچھراٹ میں پیپلز پارٹی کو شدید سیاسی جھٹکا، خان پور دبن سے عبدالرشید اعوان برادری سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل،حلقہ لچھراٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اس وقت بڑا سیاسی دھچکا لگا جب خان پور دبن سے معروف سیاسی و سماجی رہنما عبدالرشید اعوان نے اپنی پوری برادری سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کی تیس سالہ وابستگی ختم کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور مرکزی مجلسِ عاملہ کے رکن اعجاز خان مغل نے خان پور دبن کا انتخابی دورہ کیا۔ اس موقع پر گلی دین لال چورا کے مقام پر عبدالرشید اعوان کی زیرِ صدارت ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ گاہ نواز شریف کے نعروں سے گونج اٹھی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید اعوان نے کہا کہ وہ اپنی برادری سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کی تیس سالہ رفاقت ختم کر کے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں اور انہیں اعجاز خان مغل کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔اعجاز خان مغل نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والی تمام اعوان برادری کا شکریہ ادا کیا اور عبدالرشید اعوان کو ہار پہنا کر خوش آمدید کہا۔اعجاز خان مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کا پیغام ہلکہ لچھراٹ کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہو گی اور میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں لچھراٹ میں ترقی اور تعلیم کا انقلاب برپا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لچھراٹ کی عوام کی مایوسی ختم کرنے کے لیے انہوں نے حلقہ نمبر دو سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج لچھراٹ کے عوام کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ حلقہ بھر میں اعلیٰ تعلیمی ادارے موجود نہیں، صحت کی بنیادی سہولتیں ناپید ہیں اور عوام آج بھی پینے کا پانی سروں پر اٹھا کر لانے پر مجبور ہیں۔اعجاز خان مغل نے کہا کہ موجودہ ممبر اسمبلی لچھراٹ کی ترقی کے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں، جبکہ لچھراٹ وہ واحد حلقہ ہے جہاں کے بعض دیہات آج بھی بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں اور بالائی علاقوں کے لوگ آج بھی پتھر کے دور جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے لچھراٹ سے ممبر اسمبلی منتخب ہو کر حلقے کے عوام کی تقدیر بدلوں گا اور نوجوانوں کی بے روزگاری کے خاتمے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں گے۔اعجاز خان مغل نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر بھر سے دو تہائی اکثریت حاصل کر کے بطور واحد جماعت حکومت تشکیل دے گی۔

Related Articles

Back to top button