مظفرآباد

بھارتی فوج مسلح افواج پاکستان کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی‘ لطیف اکبر

میرپور/مظفرآباد(محاسب نیوز)قائم مقام صدر آزادجموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے فتنہ الخوارج کی جانب سے بلوچستان میں 50 بے گناہ شہریوں کی دہشت گردی کے واقعہ میں شہادت کو بھارتی حمایت یافتہ گمراہ گروہ کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو 9 اور 10مئی 2025 کی شکست ابھی تک بھولی نہیں، دنیا میں بھارتی افواج کی اصلیت بے نقاب ہو چکی ہے، اور یہ مسلح افواج پاکستان کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، تمام تر وسائل کرتے ہوئے افغانستان میں طالبان رجیم کے ساتھ مل کر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں ہمیشہ کی طرح ناکام ثابت ہوں گی، بھارت کبھی بھی اپنی ناپاک اور مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا، پوری پاکستانی و کشمیری قوم افواج پاکستان اور ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کے ساتھیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ دفاع پاکستان کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہر قربانی دیں گے، میڈیا کے لیے جاری بیان میں قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ ترقی کرتا ہوا خوشحال اور مستحکم پاکستان ہندوستان کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے، خصوصاً گزشتہ سال مئی میں افواج پاکستان نے جس پیشہ وارانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی عسکری طاقت کا دنیا کے سامنے پردہ چاک کیا اور اسے عالمی محاذ پر بے نقاب کر کے اپنی دفاعی صلاحیت کی بالادستی ثابت کی، اس معرکہ کے بعد پوری دنیا یہ حقیقت جان چکی ہے کہ افواج پاکستان اس وقت دنیا کی بہترین صلاحیت کی حامل ہیں اور کسی بھی محاذ پر دشمن کا پانسہ پلٹ سکتی ہے، قائم مقام صدر کامزید کہنا تھا کہ دفاعی طور پر مضبوط اور مستحکم پاکستان معاشی طور پر مضبوط پاکستان کی بنیاد بنے گا، پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہندوستان اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو اندرونی طور پر عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے سرگرم ہے، اور اسے جن قوتوں کی حمایت حاصل ہے یہ دنیا بھر میں دہشت گردی کے حوالے سے اپنے منفرد پہچان رکھتے ہیں، پاکستانی قوم اور افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمہ کا عزم کر رکھا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور قوم نے قربانیاں کی تاریخ رقم کی ہے اور فتنہ الخواج کے حمایت یافتہ آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک یہ جنگ جاری رہے گی، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، کشمیری عوام نے دفاع پاکستان، ملکی سلامتی، قومی اتحاد و یکجہتی کیلئے ہمیشہ ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کیا اور آج بھی اسی جذبہ سرشار ہو کر دفاع وطن کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے برسرپیکا ہیں، پاکستان کے دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست ہو گی، بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات ہر لحاظ سے قابل مذمت ہیں اور ان دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Related Articles

Back to top button