مظفرآباد

مسلم کانفرنس اپنے نظریات کے مطابق عوامی خدمت یقینی بنائے گی، سردار عتیق

راولپنڈی (بیورورپورٹ) صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس اپنے نظریات کے مطابق عوامی خدمت کو یقینی بنائے گی۔ریٹائرڈ صوبیدار راجہ محمدنصیر خان کی مسلم کانفرنس میں شمولیت سے پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہو گا، سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ مسلم کانفرنس پاکستان کے ساتھ غیر مشروط وابستگی پر یقین رکھتی ہے۔مسلم کانفرنس اور تحریک آزادی کشمیر لازم وملزوم ہیں۔ مسلم کانفرنس تحریک آزادی کشمیر میں پہرے دارکی حیثیت رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس میں رنگلہ سے ریٹائرڈ صوبیدارراجہ محمدنصیر اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت مسلم کانفرنس میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قافلے میں شامل ہونے والوں کا ریاستی اور نظریاتی جماعت کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار، اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے انہیں پھولوں کے ہار ڈال کر خوش آمدید کہا اور مبارک باد پیش کی۔نئے شامل ہونے والے راجہ نصیر خان نے قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجاہدِ اوّل کے پیغام کو ہر گاؤں، ہر محلے اور ہر گھر تک پہنچائیں گے۔مسلم کانفرنس کے دور حکومت میں تعمیر و ترقی کے جال بچھائے گئے تھے، اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم سے آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے تعمیر و ترقی کا پہیہ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں تیز کریں گے، اس موقع پر سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں شامل ہونے والوں کو جائز مقام دیا جائے گا، اور جو لوگ ہر طرح کے حالات میں جماعت کے ساتھ کھڑے رہے وہ ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں،مسلم کانفرنس ریاست جموں و کشمیر کی سب سے قدیم اور نظریاتی جماعت ہے۔ اسی جماعت نے 1932 میں کشمیری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا، اور آج بھی ہم اسی نظریے کے امین ہیں۔ تحریکِ آزادی کشمیر کی بنیاد اسی جماعت نے رکھی، اور ہم آج بھی اس جدوجہد کے محافظ ہیں۔’انہوں نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ الحاقِ پاکستان کے نظریے، کشمیری تشخص اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ہمارے بزرگوں نے جس مشن کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں، ہم اُس پر قائم ہیں۔ کوئی طاقت ہمیں اپنے اصولوں اور مقاصد سے نہیں ہٹا سکتی۔ مسلم کانفرنس کا ہر کارکن دراصل تحریکِ آزادی کا سپاہی ہے، جو ریاست کے مستقبل کو پاکستان کے ساتھ محفوظ دیکھتا ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آج کے دور میں نظریاتی سیاست کو دوبارہ زندہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔یہ جماعت مفادات کی سیاست نہیں بلکہ نظریے اور ایمان کی سیاست کرتی ہے۔ کارکن ہمارا سرمایہ ہیں، اُن کے بغیر جماعت ایک جسم کے بغیر روح کے مانند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے عظیم ورکرز کنونشن منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں پارٹی کارکنان اپنی شرکت یقینی بنا کر ملی بیداری کا ثبوت دیں۔ 25 دسمبر کو بھمبر میں ہونے والے ورکر کنونشن عوام رابطہ میں کو تیز کریں۔

Related Articles

Back to top button