حکومت روزگار بچاؤ تحریک سے معاہدے پر عملدرآمد کرے، وسیم منظور

مظفرآباد (خبرنگارخصوصی) رزگار بچاؤ تحریک ملازمین آزادکشمیر سکیل بی۔1بی -15غیرجریدہ کور کمیٹی کے جنرل سیکرٹری راجہ وسیم منظور نے کہا کہ وزراء حکومت اور پرنسپل سیکرٹری روزگار بچاؤ تحریک کی کور کمیٹی کے ساتھ دوبار تحریری معاہدے کرنے کے باوجود عملدرآمد نہیں کرسکے جس کی وجہ سے شدید بے چینی پائی جاتی ہے کورکمیٹی مشاورت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کریگی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے محاسب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راجہ وسیم منظور نے کہا کہ پرنسپل سیکرٹری نے روزگار بچاؤ تحریک کی کور کمیٹی کے ساتھ تحریری معائدہ کیا تھا کہ 30دن کے اندر سفارشات مرتب کرکے وزیراعظم آزادکشمیر کو ارسال کی جائیں گی جبکہ قبل ازیں 17روز احتجاجی دھرنا کے دوران موسٹ سینئر وزیر کرنل وقار نور اور وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے بھی معاہدہ کرکے 45دن کے اندر سفارشات وزیراعظم کو ارسال کرنے کا اعلان کیا۔ لیکن دونوں تحریری معائدوں پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکاجوکہ انتہائی افسوسناک حکومتی اقدام ہے جس کی وجہ سے غیرجریدہ عارضی ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ کو معاہدوں کے مطابق حکومت حل کرے اور ہمیں دوبارہ احتجاجی دھرنا پر مجبور نہ کیا جائے۔ متعدد ملازمین بطور عارضی خدمات انجام دے کر ریٹائر ہوئے ہیں کئی ایک بیس سال سے زائد عرصہ سے خدمات انجام دے رہے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ ان کے حال پر وزیراعظم رحم کریں اور کمیٹی کے معاہدے پرعملدرآمد کرنے کیلئے حکومتی وعدہ کمیٹی کی سفارشات مرتب کرتے ہوئے فی الفور اسمبلی میں پیش کی جائیں اور حکومتی کمیٹی کے فیصلہ قانون سازی تک کسی عارضی کنٹریکٹ،کنٹیجنٹ ملازمین کو ڈسٹرب نہ کاے جائے بلکہ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ سے جاری ہونے والے علامیہ کو باقاعدہ نوٹیفائی کیا جائے بصورت دیگر پرامن احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔