مظفرآباد

پانچ جنوری کے اجلاس میں اپنا اگلا لائحہ عمل دیں گے‘کور ممبر چئیرمین شبیر نگیالوی

چک سواری(نمائندہ خصوصی) جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر چئیرمین شبیر نگیالوی؛ ایکشن کمیٹی چکسواری کے ممبران خواجہ محمد شعیب ایڈووکیٹ؛ راجہ اصغر علی؛ سفیان مہربان جٹ؛ خواجہ ناصر ہدایت اور دیگر نے آزاد پریس کلب چکسواری کے نو منتخب صدر عابد حسین چودھری؛ سینئر نائب صدر ماجد علی چودھری؛ سیکرٹری جنرل زاہد بشیر سوہاج اور سیکرٹری نشرواشاعت راجہ عبدالباسط کو مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ تمام نو منتخب عہدیداران عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر سابق صدر محمد مرتضیٰ عطاری بھی موجود تھے۔کور ممبر شبیر نگیالوی نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت اور ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی مدت پوری ہونے میں صرف آٹھ دن رہ گئے ہیں ابھی تک آزاد کشمیر حکومت طے شدہ معاہدہ پر عمل کرنے سے قاصر ہے۔پانچ جنوری 2026کو ہمارا اجلاس ہو گا اور اس کے بعد ہم اپنا اگلا لائحہ عمل دیں گے۔ہم ریاستی عوام سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے حقوق کی خاطر ہمارا ساتھ دیں اور وہ لوگ بھی باہر نکلیں جو پچھلی دفعہ گھروں میں ہی موجود رہے۔ہم میڈیا سے بھی امید کرتے ہیں کہ جس طرح آزاد پریس کلب چکسواری کے صحافیوں نے ہمارا ساتھ دیا اور ہماری خبروں اور پیغام کو دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں تک پہنچایا اس بار بھی ہمارا ساتھ دیں گے اور عوامی حقوق کی اس تحریک میں اپنا کردار ادا کریں گے۔یہ تحریک خالصتاً عوامی حقوق کی تحریک ہے اور اس میں ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے عوامی حقوق کی تحریک کی کامیابی کیلئے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا ساتھ دینا چاہیے۔

Related Articles

Back to top button