مظفرآباد

وزیراعظم نے صحت کارڈاجراء کا اعلان کردیا

مظفرآباد (محاسب نیوز/پی آئی ڈی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزرائے حکومت نثار انصر ابدالی، چوہدری اظہر صادق، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار ظفر، پرنسپل سیکرٹری سردار ظفر محمود، سیکرٹری خوراک سردار سہیل اعظم، چیئرمین ان لینڈ ریونیو چوہدری رقیب، سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو ٹیکس کلیکشن، مستقبل کے اہداف، منصوبہ بندی اور درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر کو خوراک کے معیار، آٹے کی ترسیل، ایلوکیشن، بنیادی ذخائر سمیت ان لینڈ ریونیو کے حوالے سے امور بارے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے حلف کے پاسدار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک میرے قلم میں اختیار ہے، عوامی خدمت کا مشن جاری رکھوں گا۔ صحت، تعلیم اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ خوراک کی فراہمی، معیار اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ صحت اور تعلیم ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور حکومت کے تمام وسائل عوامی فلاح کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ذاتی نہیں بلکہ اجتماعی مفاد کو ہمیشہ ترجیح دی گئی ہے۔چوہدری انوار الحق نے کہا کہ منصوبہ بندی اور نئے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے، عوامی خدمت کے مشن کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button