مظفرآباد

آزادکشمیر میں پہلی بار ادرک کی کامیاب کاشت کا سنگ میل عبور

مظفرآباد (محاسب نیوز)محکمہ زراعت آزاد کشمیر کے زیر اہتمام ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد اورنشتر انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے اشتراک سے آزاد کشمیر میں پہلی بار ادرک کی کامیاب کاشت کا سنگ میل عبور کرنے پرگڑھی دوپٹہ اے ڈی آر ریسرچ سنٹر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سیکرٹری زراعت ادریس عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس و ہارٹیکلچر ملک محمدعامر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت راجہ ظہیر، انچارج گڑھی دوپٹہ اے ڈی آر فارم وقاص عبداللہ،اسسٹنٹ ہارٹیکلچرافیسرمرتضی گیلانی، دیگرافسران، کسان اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کسانوں کی معاشی خودمختاری اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ضلع مظفرآباد کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں پہلی مرتبہ ادرک کی باقاعدہ کاشت کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی ہے جو علاقائی زراعت کے لیے خوش ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت آزاد کشمیر، ادریس عباسی نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کے ساتھ مل کر زرعی شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کرا رہا ہے اور کسانوں و محکمہ زراعت کے درمیان موجود فاصلے ختم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادرک کی کامیاب کاشت کا عملی تجربہ کر کے کسانوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ جلد خود بھی اس فصل کی کاشت کر سکیں گے، جس سے وہ معاشی طور پر مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آزاد کشمیر زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر کے روزگار کے نئے مواقع فراہم کر رہی ہے۔محکمہ زراعت زرعی ماہرین کے مطابق ٹنل فارمنگ کے ذریعے نہ صرف ادرک کی پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے بلکہ کسانوں کی آمدن میں بھی خاطر خواہ بہتری آئے گی، جس سے مقامی معیشت مستحکم ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کو جدید تکنیکی رہنمائی، معیاری بیج، کھاد اور عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ یہ منصوبہ دیرپا بنیادوں پر کامیاب ہو سکے۔ مقامی کسانوں نے محکمہ زراعت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں اس منصوبے کو دیگر علاقوں تک بھی وسعت دی جائے گی۔یہ منصوبہ آزاد کشمیر میں جدید زرعی طریقوں کے فروغ، خوراک کی خودکفالت اور کسان دوست پالیسیوں کی عملی عکاسی کرتا ہے اور زرعی شعبے کے لیے ایک مضبوط سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت جلد مقامی فارمرز اور کسانوں کے اشتراک سے ادرک کی جدید بنیادوں پر فارمنگ کا باقاعدہ آغاز کرے گا، جس کے تحت ٹنل فارمنگ کے جدید طریقے اپناتے ہوئے کاشت کی جائے گی۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد فصل کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھنا، بہتر معیار کی پیداوار حاصل کرنا اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

Related Articles

Back to top button