منصب سنبھالنے کے بعد اثرات و ثمرات تاؤبٹ سے حویلی تک دیکھے جاسکتے ہیں،فیصل راٹھور

مظفرآباد(محاسب نیوز/پی آئی ڈی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتازراٹھور نے کہا ہے کہ ریاست میں بحران کو ختم کرنے کیلئے حویلی کے منتخب نمائندے کو موقع دیا گیا ہے کہ جو اہلیان حویلی کے لیے باعث اعزاز ہے، میرے منصب سنبھالنے کے بعد کے اثرات و ثمرات تاو بٹ سے حویلی تک دیکھے جا سکتے ہیں۔ایل او سی پر حویلی یونیورسٹی کا قیام ناممکنات میں تھا جو اللہ نے ہمارے ذریعے ممکن بنایا، گزشتہ دور حکومت میں جب ریاست بھر میں ایک پرائمری سکول تک نہیں دیا گیا حویلی کو یونیوسٹی ملی، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ابھی حویلی بھی نہیں پہنچا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دانش سکول حویلی کا تحفہ دیا گیا، دانش سکول میں غریب والدین کے بچے اُس تعلیمی معیار اور سہولیات کے ساتھ تعلیم حاصل کریں گے جو معیار اور سہولیات ایچی سن کالج جیسے اداروں میں ہے اور جہاں عام آدمی کے بچوں کا تعلیم حاصل کرنا ایک خواب تھا۔ یہ سب اللہ رب العزت کا خاص کرم اور اہلیان حویلی کے اعتما د کا نتیجہ ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے حویلی سے مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیات اختیار کرنیوالے کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔



