وفاقی حکومت ایکشن کمیٹی معائدہ جائیداد ٹرانسفر ٹیکسز کمی کا نوٹیفکیشن نہ ہوسکا
مظفرآباد (سپیشل رپورٹر) حکومت پاکستان اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی حکومت آزاد کشمیر اور عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے اہم نکات میں سے ایک اہم نکتہ جائیداد کے ٹرانسفر پر ٹیکسز میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا اس نوٹیفکیشن کے جاری ہونے کی وجہ سے عوام میں اشتعال۔ تفصیلات کے مطابق اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی حکومت آزاد کشمیر اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان یہ طے پایا تھا کہ جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکسز نان فائیلر 33%، فائیلر 23% سے کم کر کے 8% ٹیکس وصول کیا جائے گا لیکن ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے عوام سے پہلے موجود ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ ٹیکسوں میں کمی نہ ہونے کے باعث عوام کے اشتعال اور غصہ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی اور حکومت آزادکشمیر نے ٹیکسز میں کمی کا فیصلہ کر دیا تھا لیکن بیوروکریسی کی روایتی سست یا حکومت کے خلاف سازش کی بناء پر یہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا جس کی بناء پر نہ صرف عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سراپا احتجاج ہے بلکہ عوامی حلقوں میں بھی بے چینی اور تشویش ہے۔ عوامی، سیاسی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹیکسوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں اور اس بات کی بھی تحقیقات کی جائے کہ حکومت نے جو فیصلے کر دیے تھے ان کے نوٹیفکیشن جاری کیوں نہیں کیے جا رہے۔