مظفرآباد

چیف الیکشن کمشنر‘ چیئرمین احتساب بیورو کی تعیناتیاں جلد ہونگی‘ ترجمان وزیراعظم

مظفرآباد(محاسب نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات، اُمیدوار اسمبلی حلقہ سات شوکت جاوید نے کہا ہے کہ جواں سال، باصلاحیت پارلیمنٹرین راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں پیپلزپارٹی کی حکومت کو ملنے والی عوامی مقبولیت سے خائف ہو کر مخالفین کی بچھائی جانے والی سیاسی سرنگیں عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی عوامی ریلے میں خس و خاشاک کی طرح بہہ جائیں گی، آزادکشمیر میں حکومت سازی اور پیپلزپارٹی کی مضبوطی کیلئے چوہدری ریاض کا کردار تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے، اور کارکنوں کی عزت و توقیر کا بلاتخصیص دفاع کرنے پر انہیں دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنان بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔چیف الیکشن کمیشن، چیئرمین احتساب بیورو کی تعیناتیاں جمہوری قوتوں کی مشاورت سے ہونے کا عمل قریب ترہے،البتہ عام انتخابات صاف و شفاف، غیر جانبدار بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے اعتمادی سازی کی فضا قائم ہے، وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور ربرد بار اور تحمل مزاج شخصیت کے حامل سیاست دان ہیں، جن کی عوام میں مقبولیت سے حکومت کے خواب دیکھنے والوں کے حواس باختہ ہو چکے ہیں جس کی بناء پر وہ محلاتی سازشوں اور حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہو چکے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور، انچارج برائے سیاسی اُمور چوہدری ریاض، پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین، سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے نامزد اُمیدواران سادہ اکثریت حاصل کر کے بلاشرکت غیرے دوبارہ حکومت سازی سے خدمت خلق کا تسلسل جاری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی، پی ایس ایف، پیپلزیوتھ کے عہدیداروں کارکنوں سے گفت گو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کارکن عوام رابطہ مہم کے ذریعے پارٹی کے اُمیدواروں کی انتخابی مہم کا آغاز کر دیں، اور 2 ماہ میں حکومت کی شاندار کارکردگی کو اُجاگر کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کی پروپیگنڈہ مہم کو بے اثر کرنے میں حقائق سے جواب دیں، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت تعلیم، صحت، روزگار، انفراسٹرکچر پر توجہ مرکوز کر کے استحصال سے پاک معاشرے قائم کر کے پارٹی کے انقلابی منشور پر عمل کا نفاذ یقینی بنائے گی، تعلیمی پیکیج کی منظوری کے بعد آزاد خطہ ایجوکیشنل سٹیٹ میں تبدیل ہونے کا عملی تصور منطقی انجام تک پہنچ جائے گی، وزیراعظم کی سنجیدہ کوششوں سے نیلم، لیپہ میں دانش سکولوں کے میگا پراجیکٹس کی منظوری پر وفاقی حکومت کی فراخدلی، نظریاتی رشتوں کے فروغ میں اہم ترین بریک تھرو ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں پیپلزپارٹی میں دوبارہ لوگ شمولیت اختیار کر کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں، آئندہ ایک ماہ کے دوران آزادکشمیر میں بڑی شخصیات کا پیپلزپارٹی میں شامل ہونا عام انتخابات میں کامیابی کیلئے نیک شگون ہو گا، ہم پارٹی اور اس کی قیادت کے فیصلوں کی پاسداری کرتے ہیں، البتہ بعض لوگ وزارتوں کی لالچ میں پیپلزپارٹی کو دھوکہ دینے کی چال میں کامیاب نہیں ہو سکتے، لوگ کھوٹے کھرے کی اچھی طریقے سے پہچان رکھتے ہیں، عوامی عدالت میں قومی وسائل کو لوٹ کر جائیدادیں بنانے والوں اور حق تلفیوں کے ذریعے رشوت، سفارش، کمیشن سے سرمایہ بنانے والوں کا قرض ووٹ کی قوت سے چکانے کا وقت آ چکا ہے، جن لوگوں نے اللہ کی مخلوق کے ساتھ بے وفائی اور وعدوں سے انحراف کیا ان کا عبرتناک انجام چشم فلک دیکھے گی۔

Related Articles

Back to top button