کردار اور علم کے سچے امین اساتذہ قومی ترقی کے ضامن ہیں‘دیوان چغائی

ہٹیاں بالا (اسلم مرزا سے)ٰوزیرِ تعلیم دیوان علی خان چغتائی کا (جہلم ویلی) کا دورہ، چوہدری محمد یونس تبسم کی الوداعی تقریب میں خصوصی شرکت وزیرِ تعلیم حکومتِ آزاد جموں و کشمیر دیوان علی خان چغتائی نے جہلم ویلی کے علاقے چھم کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے ممتاز ماہرِ تعلیم چوہدری محمد یونس تبسم کی ریٹائرمنٹ کے سلسلے میں منعقد ہونے والی الوداعی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں اساتذہ کرام، تعلیمی اداروں کے نمائندگان، معززینِ علاقہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد چوہدری محمد یونس تبسم کی طویل اور شاندار تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔اپنے خطاب میں وزیرِ تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ میں چوہدری محمد یونس تبسم کو ان کی باعزت اور کامیاب تعلیمی سروس مکمل کرنے پر دل کی اتہاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے جس خلوص، محنت اور دیانت داری کے ساتھ شعبہ تعلیم میں خدمات انجام دیں، وہ قابلِ ستائش ہیں۔ قومیں اس وقت ترقی کرتی ہیں جب ان کے استاد مضبوط، باکردار اور علم کے سچے امین ہوں انہوں نے مزید کہا کہ استاد کا رتبہ معاشرے میں ہمیشہ بلند رہتا ہے۔شاگرد چاہے کتنی ہی بلندی پر پہنچ جائے، استاد ہمیشہ اس کے روحانی والد کی حیثیت رکھتا ہے۔ استاد کی عزت و تکریم میں ہی کامیابی کا راز ہے،وزیر تعلیم نے تمام اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے، لگن اور محنت سے اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں اور نئی نسل کی کردار سازی اور تعلیم کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں۔تقریب کے اختتام پر چوہدری محمد یونس تبسم کو شیلڈ، تعریفی اسناد اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے جبکہ شرکاء نے ان کی خدمات کو سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل قرار دیا۔




