مظفرآباد
بیرسٹر سلطان ایک قدآور، مدبر اور نظریاتی شخصیت تھے‘سید اظہر علی گیلانی
مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)تحریکِ انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید اظہر علی گیلانی نے صدرِ ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کی سیاست کی ایک قدآور، مدبر اور نظریاتی شخصیت تھے۔ ان کی وفات سے نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پوری کشمیری قوم ایک عظیم اور بے بدل رہنما سے محروم ہو گئی ہے، اور ان کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنی پوری سیاسی زندگی تحریکِ آزادی کشمیر، کشمیری عوام کے حقوق اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ ایک زیرکسیاستدان، اعلیٰ پائے کے قانون دان اور بااصول رہنما تھے جنہوں نے ہر فورم پر کشمیری عوام کی ترجمانی کی۔ ان کا شمار ان رہنماؤں میں ہوتا تھا جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے مقدمے کو جرات، دلیل اور تسلسل کے ساتھ پیش کیا۔سید اظہر علی گیلانی نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا سیاسی سفر جدوجہد، قربانی اور استقامت سے عبارت تھا۔ وہ آزاد کشمیر کے ان چند رہنماؤں میں شامل تھے جنہیں وزارتِ عظمیٰ اور صدارتِ ریاست جیسے اہم آئینی عہدوں پر خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے ہمیشہ ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دی اور کشمیری عوام کے اجتماعی شعور کو بیدار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اوورسیز کشمیریوں کے دلوں میں بھی ایک خاص مقام رکھتے تھے اور انہوں نے بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں کو تحریکِ آزادی کشمیر کے ساتھ منسلک رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی بصیرت، جراتِ اظہار اور غیر متزلزل موقف ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی خدمات کو کشمیری قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ تحریکِ انصاف آزاد کشمیر ان کے مشن کو آگے بڑھانے اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔آخر میں سید اظہر علی گیلانی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف آزاد کشمیر اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے




