چکوٹھی‘شہید وطن نائک سید محمد حسین شہید بوائز ہائی سکول کی نمایاں پوزیشن
چکوٹھی (محاسب نیوز)نائیک سید محمد حسین شاہ شہید گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بانڈی سیداں، چکوٹھی سیکٹر، ضلع جہلم ویلی کے ہونہار طالب علم علی ایاز، متعلم جماعت ششم، نے ضلعی سطح پر اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناظرہ فہم القرآن کے مقابلے میں ضلع جہلم ویلی میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔یہ مقابلہ کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبہ نے شرکت کی۔ علی ایاز نے قرآنی فہم اور درست ناظرہ خوانی کے معیار پر پورا اترتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھائی، جس پر انہیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس کامیابی پر مقامی کمیونٹی بانڈی سیداں نے خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے صدر معلم گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بانڈی سیداں واجد عباسی اور اسکول کے تمام تدریسی و انتظامی اسٹاف کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ کمیونٹی کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور طلبہ کی اخلاقی و دینی تربیت ہی ایسے مثبت نتائج کی بنیاد بنتی ہے۔اہلِ علاقہ اور تعلیمی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ علی ایاز کی یہ کامیابی دیگر طلبہ کے لیے بھی باعثِ ترغیب بنے گی اور مستقبل میں اسکول مزید تعلیمی و دینی کامیابیاں حاصل کرے گا۔اہالیان علاقہ نے اس امرکی توقع بھی کی ہے کہ تعلیمی ادارے طلبہ میں اخلاقی تربیت کے عمل میں انقلابی بہتری کیلئے والدین کیساتھ قریبی روابط قائم رکھیں گے۔



