ایڈھاک ملازمین کا احتجاج، پولیس کا دھاوا، لاٹھی چارج، متعدد گرفتار

مظفرآباد (محاسب نیوز) مرکزی کور کمیٹی ایڈہاک ملازمین کا سینٹرل پریس کلب کے سامنے احتجاج کرنے والے ایڈہاک و عارضی ملازمین پر پولیس کے لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی شدید مذمت،پر امن ملازمین پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کو فوری معطل کئے جانے کا مطالبہ اور گرفتار ملازمین کی رہائی کا مطالبہ کر دیا گیا،مرکزی کور کمیٹی ایڈہاک ملازمین آذاد کشمیر کے نمائندگان راجہ اطہر علی خان،سردار وسیم سکندر،ملک مشتاق،انصر مغل اور دیگر نے کہا کہ حکومت آذاد کشمیر کی ملازمین کو ان کا حق دینے کے بجائے جبر و تشدد کی پالیسی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ایڈہاک و عارضی ملازمین کو مستقل ملازمت دینے کے وعدے ایفا نہیں کئے جارہے،گزشتہ برس اکتوبر میں وعدہ کیا گیا کہ 45 دن کے اندر ملازمین کو مستقل کیا جائے گا مگر تاحال اس وعدے پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا نہ ہی تاحال مسودہ قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا گیا ملازمین اپنے حق کے لئے احتجاج کریں تو ان پر لاٹھی چارج اور گرفتاریاں کہاں کا انصاف ہے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار ملازمین کو رہا کیا جائے مستقل ملازمت کے حق دیا جائے اور ملازمین پر لاٹھی چارج کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔