مظفرآباد ترقیاتی ادارہ کے ریٹائرڈ ملازمینتین ماہ سے پنشن کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار
مظفرآباد(خبر نگار خصوصی)مظفرآباد ترقیاتی ادارہ کے ریٹائرڈ ملازمین کی نمائندہ پینشنرز ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز اپنے اجلاس میں تین ماہ سے پنشن کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور حکومتِ آزاد کشمیر سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پینشن کی بروقت ادائیگی اور ادارے کو فعال بنانے کے لیے 18 رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں افتخار اعوان، عبدالحمید، خواجہ ایاز، اشرف میر، وقار اعوان، رفیق خان، راجہ رفیق، شیخ ارشاد اور تنویر حسین اعوان شامل ہیں۔اجلاس کے دوران ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی منتخب کیے گئے، جس کے مطابق خواجہ ایاز صدر، راجہ محمد رفیق جنرل سیکرٹری، خواجہ عارف عزیز سیکرٹری مالیات اور مختار حسین شاہ سیکرٹری اطلاعات مقرر ہوئے۔شرکاء نے کہا کہ مظفرآباد ترقیاتی ادارہ اس وقت انتظامی بحران کا شکار ہے اور ادارے کی کئی اہم اسامیاں، جن میں چیئرمین، ممبر ٹیکنیکل، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ ٹاؤن پلاننگ، ڈپٹی ڈائریکٹر اور تحصیلدار شامل ہیں، خالی ہیں، جس کی وجہ سے ادارہ غیر فعال ہو گیا ہے اور شہری ترقیاتی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں۔اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری مالیات سے مطالبہ کیا گیا کہ مظفرآباد ترقیاتی ادارہ کے افسران اور ملازمین کو بروقت پینشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور تین ماہ کی واجب الادا پینشن فوری ادا کی جائے۔شرکاء نے عدالت عظمیٰ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جس کی مداخلت سے پینشنرز کو لیو انکیشمنٹ اور پینشن کی ادائیگی ممکن ہو سکی۔ اسی طرح جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر شوکت نواز میر کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔پینشنرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ اگر ادارے میں خالی اسامیوں پر فوری تقرری نہ کی گئی اور پینشن کی ادائیگی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو آئندہ لائحہ عمل کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ مظفرآباد ترقیاتی ادارہ کو فعال بنایا جائے اور ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے جائز حقوق بروقت فراہم کیے جائیں تاکہ بزرگ پنشنرز کی مالی مشکلات دور ہو سکیں۔


