حکم امتناعی خارج‘سینٹرل پریس کلب انتخابی عمل میں حائل رکاوٹیں ختم

مظفرآباد(محاسب نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرآباد کی عدالت نے مرکزی ایوانِ صحافت کے انتخابات سے متعلق دائر مقدمے میں حکمِ امتناعی خارج کرتے ہوئے انتخابی عمل کی راہ میں حائل قانونی رکاوٹ ختم کر دی، جس کے بعد صحافتی حلقوں میں اطمینان اور مثبت ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ انتخابی عمل کل 12فروری بروز جمعرات صبح 9:00بجے سے دن 2:00بجے تک پریس کلب کے ہال میں ہوگا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران مرکزی ایوانِ صحافت کی جانب سے نامزد سینئر وکلاء ارشد محمود قریشی ایڈووکیٹ، راجہ سعود حسن ایڈووکیٹ اور نبیل اعوان ایڈووکیٹ نے عدالت کے روبرو مفصل قانونی دلائل پیش کیے۔ وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ ایوانِ صحافت کے انتخابات صحافتی جمہوریت کا تسلسل ہیں اور ان کے انعقاد میں بلاجواز رکاوٹ نہ صرف ادارے کی فعالیت بلکہ صحافتی برادری کے جمہوری حق پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دائر مقدمے میں حکمِ امتناعی کو خارج کرتے ہوئے انتخابی عمل کو جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔ عدالتی فیصلے کے بعد صحافتی حلقوں نے اسے جمہوری اقدار اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔دریں اثناء، مرکزی ایوانِ صحافت کے ذمہ داران اور ممبران نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ انتخابات شفاف، منصفانہ اور صحافتی روایات کے مطابق منعقد کیے جائیں گے تاکہ ادارہ مزید مضبوط اور فعال انداز میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر سکے۔




