مظفرآباد

حکومت ایکشن کمیٹی سے معاہدے پر فوری عملدرآمد کرے،خواجہ خذیفہ

مظفرآباد(محاسب نیوز)رہنما تحریکِ انصاف آزاد کشمیر انجینئر خواجہ حذیفہ احمد نے حکومتِ آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوامی ایکشنکمیٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے میں شامل تمام مطالبات نہ صرف عوامی ایکشن کمیٹی بلکہ آزاد کشمیر کے ہر شہری کے جائز اور مشترکہ مطالبات ہیں، جنہیں مزید تاخیر کے بغیر پورا کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں انوار الحق کی حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے لیت و لعل سے کام لیا اور بعد ازاں ریاستی جبر کے ذریعے انہیں دبانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں ریاست کے نوجوانوں —چاہے وہ پولیس کے جوان ہوں یا عام نہتے شہری—کو اپنی جانوں کی قربانی دینا پڑی۔ اس کے باوجود ہر بار عوامی طاقت کے سامنے ریاست کو پسپائی اختیار کرنا پڑی اور بالآخر حالات اس نہج پر پہنچ گئے کہ سابق وزیراعظم کو اقتدار چھوڑ کر جانا پڑا۔انجینئر خواجہ حذیفہ احمد نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم ایک نوجوان قیادت کے حامل ہیں اور ایک عظیم سیاسی شخصیت کے صاحبزادے ہیں، اس لیے ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے پیشرو کی روش اختیار کرنے کے بجائے حالات کی سنگینی کو سمجھیں اور زمینی حقائق کے مطابق فوری اور عملی اقدامات کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاست اب مزید شہادتوں کی متحمل نہیں ہو سکتی اور نہ ہی عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کسی طور ناجائز ہیں یا ایسے ہیں جن پر عملدرآمد ممکن نہ ہو۔ حکومت کو چاہیے کہ وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے معاہدے پر بلا تاخیر عملدرآمد کرے تاکہ ریاست میں امن، اعتماد اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles

Back to top button