فاطمہ جناح کالج کی ٹیبل ٹینس چمپئن شپ میں بھرپور شرکت

مظفرآباد(محاسب نیوز)یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر اور ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے باہمی تعاون سے دارالحکومت مظفرآباد کے سپورٹس کمپلیکس میں تین روزہ خواتین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔چیمپئن شپ میں آزاد جموں و کشمیر سمیت پاکستان بھر کی 18 یونیورسٹیوں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ اس ایونٹ میں گورنمنٹ فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد کے شعبہ فزیکل ایجوکیشن (ADA) نے بھی حصہ لیا۔ کالج کی طالبات آنِسہ اور انیقہ بی بی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کی داد سمیٹی۔چیمپئن شپ کے سنگلز ایونٹ میں پنجاب یونیورسٹی نے کامیابی حاصل کی۔گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج کی ایسوسی ایٹ پروفیسر فیزیکل ایجوکیشن رضیہ یوسف نے پرنسپل ادارہ شبنم ہما اور یونیورسٹی آف آزاد کشمیر کے ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر فیصل محمود بٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے یہ کامیاب ایونٹ ممکن ہوا اور کالج طالبات کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم ہوا۔چیمپئن شپ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے کامیاب ٹیموں، کھلاڑیوں اور سٹاف میں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔



