جہلم ویلی انتظامیہ نے مرکزی بازاری چناری کا الیکشن شیڈول جاری کردیا

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ)جہلم ویلی انتظامیہ نے سرینگر مظفرآباد روڈ پر واقع سات یونین کونسلوں کے مرکزی بازار چناری کے الیکشن شیڈول کا اعلان کردیا،24 دسمبر کے روز پولنگ ہو گی،تاجران نے انتخابی سرگرمیاں تیز کردیں۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز چناری کے تاجروں اور انتظامیہ کا ایک اجلاس ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا میں زیر صدارت مال آفیسر/چیف الیکشن کمشنر عامر اعجاز عباسی منعقد ہوا،جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر احمد حسن،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالغفور عباسی،تحصیلدار ممتاز عباسی،نائب تحصیلدار ایاز چغتائی،صدارتی امیدواران پروفیسر میر خالد لطیف،شہزاد گل سمیت چناری کے تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر/آفسر مال عامر اعجاز عباسی نے انجمن تاجران چناری کے الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جس کے مطابق امیدواران کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 15 دسمبر مقرر کی گئی،سولہ دسمبر کے روز کے روز کاغذات کی جانچ پڑتال،17 دسمبر کے روز کاغذات واپسی،18 دسمبر حتمی فہرست آویزاں،انتخابی نشان الاٹ کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے جبکہ 24 دسمبر کے روز پولنگ ہو گی،چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن میں حصہ لینے والے فی پینل کے لیے 50 ہزار روپے اور سنگل عہدے کے لیے 10 ہزارروپے کاغذات نامزدگی کے ساتھ ناقابل واپسی فیس جمع کروانے کی ہدایت کی ہے،کاغذات نامزدگی چیف آفیسر ضلع کونسل جہلم ویلی کے پاس جمع ہوں گے،یاد رہے کہ قیام پاکستان سے اب تک تاریخی اہمیت کے حامل چناری بازار میں تاجر باہمی مشاورت سے صدر سمیت دیگر عہدیدار نامزد کردیتے تھے



