چکار‘ماہِ صیام میں قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ) اسسٹنٹ کمشنر چکار عامر اعجاز عباسی کی زیرِ صدارت ماہِ صیام کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے، گرانفروشی کے خاتمے اور عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹی چکار کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تحصیلدار راجہ اصغر داد، نائب تحصیلدار محمد رفیق طاہر شیخ، ایس ایچ او تھانہ پولیس چکار راجہ مطلوب حسین، چیئرمین ٹاؤن ملک بشیر، وائس چیئرمین ٹاؤن طارق رشید، تاجر نمائندگان محمد عارف ڈار، چوہدری فاروق، محکمہ امور حیوانات چکار کے افسران اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر عامر اعجاز عباسی نے واضح کیا کہ ماہِ صیام میں گرانفروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام دکاندار پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ریٹ لسٹوں پر ہر صورت عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں عوام کو معیاری اور مناسب قیمتوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے پرائس کنٹرول سے متعلق ذمہ دار افسران کو ہدایت کی کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ وہ پرائس کنٹرول کمیٹی کو مکمل طور پر فعال دیکھنا چاہتے ہیں اور عوام کو ماہِ صیام میں حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام اداروں کو مشنری جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔




