وقت کمی کے پیشِ نظر انتخابی تیاریوں کا فوری آغاز کیا جائے،چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

مظفر آباد(محاسب نیوز) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کے تقرر کے بعدآزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کا پہلا باضابطہ اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں معزز رُکن الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اہم انتخابی و انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کے بعد متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں عام انتخابات 2026 کے حوالہ سے کمیشن نے ہدایت جاری کی کہ وقت کی کمی کے پیشِ نظر انتخابی تیاریوں کا فوری آغاز کیا جائے اور ووٹ رجسٹریشن کے لیے یکم اپریل 2026 کو کوالیفائنگ ڈیٹ مقرر کیا گیا۔ کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں اسسٹنٹ کمشنرز کو بطور رجسٹریشن آفیسر تعینات کیا جائے گا جبکہ پاکستان میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو، چیف الیکشن کمشنر پاکستان کی رضامندی سے، رجسٹریشن آفیسربرائے مہاجرین جموںو کشمیرمقیم پاکستان مقرر کیا جائے گا۔کمیشن نے اجلاس میں یہ ہدایت کی کہ جن معزز اراکینِ اسمبلی نیکمیشن مکمل نہ ہونے کی وجہ سے تاحال اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں وہ دس (10) دن کے اندر اندر اپنے گوشوارے جمع کرائیں، بصورتِ دیگر قانون کے مطابق ان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔ سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے حوالہ سے فیصلہ کیا گیا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں کو ہدایت جاری کی جائے کہ وہ اپنی رجسٹریشن کا عمل فوری طور پر مکمل کریں۔ مزید برآں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے اور اہل جماعتوں کے معاملات ایک ہفتہ کے اندر کمیشن کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں قادیانیو ں اور دیگر غیر مسلم شہریوں کے لیے علیحدہ انتخابی فہرستوں کی تیاری کے سلسلہ میں معزز عدالتِ عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں قانون میں درکار ترمیم کے لیے حکومت کو یاددہانی مراسلہ ارسال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ بلدیاتی ضمنی انتخابات کے حوالے سے محکمہ خزانہ کو فنڈز کے اجرائ کے لیے یاددہانی بھیجنے اور محدود مالی وسائل کے پیشِ نظر سردست صرف چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات کا شیڈول مرحلہ وار جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔آزاد جموںو کشمیر الیکشن کمیشن نے کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرست نظام (CERS) کی م¶ثر فعالیت، ایس سی او کے ذریعے انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی اور محکمہ خزانہ کے ساتھ زیر التوائ مالی معاملات کی ادائیگی کے لیے فوری فنڈز کے اجرائ پر زور دیا۔ اجلاس کے اختتام پر چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی کہ تمام فیصلوں پر قانونی تقاضوں کے مطابق فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔




