رمضان میں عوام پر نیا بوجھ‘ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) وفاقی حکومت اور پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوگیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 8 روپے اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 16 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد مہنگائی کی نئی لہر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب رمضان المبارک کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتیں پہلے ہی عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔سول سوسائٹی اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے رمضان میں عوام پر‘‘پیٹرولیم بم’’گرا دیا ہے جبکہ ریاستی حکومت اپنے آقا¶ں کی خوشنودی اور صوابدیدی عہدوں پر من پسند تعیناتیوں میں مصروف ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے جبکہ منڈیوں میں دکانداروں نے بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ یوں مصنوعی مہنگائی کا جن بوتل سے نکل آیا ہے اور عام آدمی پس کر رہ گیا ہے۔بازاروں میں سبزی، پھل، آٹا، چینی اور دیگر بنیادی اشیائ کی قیمتوں میں پہلے ہی غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تنخواہیں جوں کی توں ہیں مگر اخراجات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو چکا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشی کے خلاف دعوے تو کیے جا رہے ہیں، مگر عملی طور پر صورتحال پر قابو پانا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ وہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ اور سپلائی چین کے اخراجات بڑھنے سے مزید دبا¶ متوقع ہے۔سول سوسائٹی اور سماجی و عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور رمضان المبارک کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرے، بصورت دیگر مہنگائی کا طوفان عام آدمی کی قوتِ برداشت سے باہر ہو جائے گا۔




