کمشنرمیرپورکی زیرصدارت اجلاس‘ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد فیصلہ

میرپور(پی آئی ڈی)کمشنرمیرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان کی سربراہی میں نیشنل ایکشن پلان کی ریجنل کمیٹی کا اہم اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس رینج میرپور ڈاکٹر خالد محمود چوہان،ڈپٹی کمشنر میرپور راجہ محمد صداقت خان، ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز، ڈپٹی کمشنر کوٹلی راجہ عمران شاہین، ایس ایس پی میرپور خرم اقبال، ایس ایس پی بھمبر راجہ محمد اکمل خان، ڈی ایس پی سہیل یوسف ، حساس و سیکورٹی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ڈویژن بھر میںامن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر م¶ثر عملدرآمد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے مختلف نکات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور دہشت گردی، انتہاپسندی، نفرت انگیز مواد اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف موثرکارروائیاں جاری رکھنے سمیت غیر قانونی ،غیر ملکی اور افغان باشندوں کے انخلائ سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان اور قومی پالیسی کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔اجلاس میں انسداد گداگری کے سدباب ،رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول کی پڑتال ،مدارس کی رجسٹریشن ،اہم تنصیبات کی سکیورٹی ،اضلاع کے تمام انٹری پوائنس کے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات دی گئیں۔اجلاس میں محکمہ مال ،محکمہ تعلیم ،لوکل گورنمنٹ ،کونسلرزاور مقامی کمیونٹی کے تعاون سے مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جانے اور اس بابت انتظامیہ ،پولیس اور سکیورٹی اداروں کو بروقت رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان اور ڈی آئی جی ڈاکٹر خالد محمود چوہان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کر کے ہی پائیدار امن کا قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیا جاسکتا ہے اس حوالے سے کسی بھی شخص سے کوئی رو رعایت نہ رکھی جائے ۔


